
بھاگ(یو این اے )بھاگ کے علاقے چھلگری سے بہرام ابڑو جانے والی گیارہ ہزار کے وی بجلی لائن کی تاریں نامعلوم افراد 26 کھمبوں سے کاٹ کر لے گئے، جس کے باعث یونین کونسل محرم چھلگری کے درجنوں دیہات بجلی سے محروم ہو گئے اور ہزاروں مکین شدید گرمی میں مشکلات کا شکار ہیں۔واپڈا ذرائع کے مطابق گزشتہ شب نامعلوم افراد نے بھاگناڑی سے چھلگری، بہرام ابڑو جانے والی 11 کے وی بجلی لائن کے 26 کھمبوں سے تاریں کاٹ کر چوری کر لیں۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان ایک مزدا گاڑی اور آٹھ سے نو موٹر سائیکلوں پر سوار تھے، جو تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔بجلی کی بندش کے باعث یونین کونسل محرم چھلگری کے ہزاروں رہائشی سخت گرمی میں شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ دوسری جانب بھاگ سے سنی فیڈر کے کئی بجلی کے کھمبے حالیہ بارشوں کے دوران زمین بوس ہو گئے تھے جبکہ بعض کھمبے رہائشی مکانات پر گرے ہوئے ہیں۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ایک ہفتے سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود نہ تو گرے ہوئے کھمبوں کو آبادی سے ہٹایا گیا ہے اور نہ ہی متاثرہ علاقوں میں بجلی بحال کی جا سکی ہے، جس سے شہریوں کی مشکلات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔عوامی حلقوں نے اعلی حکام، کیسکو اور متعلقہ انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی تاریں چوری کرنے والے عناصر کے خلاف فوری کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ علاقوں میں ہنگامی بنیادوں پر بجلی بحال کی جائے اور گرے ہوئے کھمبوں کو فوری طور پر ہٹا کر نئے کھمبے نصب کیے جائیں تاکہ عوام کو شدید گرمی میں مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔



