پاکستان

کراچی دہشت گرد حملے میں شہید رینجرز جوانوں کی نمازِ جنازہ ادا، وفاقی وزیر داخلہ اور صوبائی قیادت کی شرکت

دہشت گردوں کا پیچھا کر کے کیفرِ کردار تک پہنچائیں گے، رینجرز جوانوں نے بھارتی پراکسی کا حملہ ناکام بنایا، محسن نقوی و دیگر

کراچی دہشت گرد حملے میں شہید رینجرز جوانوں کی نمازِ جنازہ ادا
کراچی دہشت گرد حملے میں شہید رینجرز جوانوں کی نمازِ جنازہ ادا

کراچی(یو این اے )کراچی میں دہشت گرد حملے کو ناکام بناتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے پاکستان رینجرز (سندھ) کے بہادر جوانوں کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی ہے۔ بھارتی پراکسی جماعت الاحرار کے بزدلانہ دہشت گرد حملے کو ناکام بناتے ہوئے ان جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا تھا۔ شہدا کی نمازِ جنازہ میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، گورنر سندھ نہال ہاشمی، وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ، ڈی جی رینجرز، شہدا کے لواحقین اور سینئر سول و عسکری حکام نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکا نے شہدا کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا اور سوگوار اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔نمازِ جنازہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردی کا یہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے جس کا ہر صورت حساب لیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی کرنے والے عناصر چاہے کہیں بھی چھپے ہوں، ہماری سیکیورٹی فورسز ان کا پیچھا کر کے انہیں کیفرِ کردار تک پہنچائیں گی۔ گورنر سندھ نہال ہاشمی نے دہشت گردی کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملک سے اس ناسور کے خاتمے کے لیے جدوجہد جاری رہے گی، بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردی کو کبھی برداشت نہیں کیا جائے گا اور اسے جڑ سے اکھاڑ کر دم لیں گے۔ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے رینجرز کے بہادر جوانوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا، اور سندھ حکومت ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے۔ نمازِ جنازہ کے بعد شہدا کے جسدِ خاکی ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کر دیے گئے جہاں انہیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا، جبکہ بعد ازاں وفاقی وزیر داخلہ اور گورنر سندھ نے جائے وقوعہ کا دورہ بھی کیا۔

 

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button