ایسا نہیں ہو سکتا دوسروں کے پاس میزائل ہوں اور ایران کے پاس نہ ہوں: شہبازشریف
ایران اور پاکستان ہمیشہ کیلئے بھائی بھائی بن گئے ہیں، دنیا بھر میں اس پیس ڈیل کو سبوتاژ کرنے والے بہت ہیں

اسلام آباد (یو این اے) وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے وفود کی سطح پر ملاقات کے بعد ایک اہم مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر کو دورۂ پاکستان پر دوبارہ خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ایران اور پاکستان ہمیشہ کے لیے بھائی بھائی بن گئے ہیں، تاہم دنیا بھر میں اس تاریخی پیس ڈیل کو سبوتاژ کرنے والے بہت ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران کا میزائل پروگرام کبھی مذاکرات کا حصہ نہیں بنا، کیونکہ ایسا نہیں ہو سکتا کہ دوسروں کے پاس میزائل ہوں اور ایران کے پاس نہ ہوں۔ وزیراعظم نے ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت اور جنگ بندی کے لیے وقار اور عزت کے ساتھ دستخط کیے گئے ہیں۔ انہوں نے ثالثی پر ایران کے اعتماد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امن کے لیے فیلڈ مارشل عاصم منیر، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی سمیت قطر، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کی قیادت کی انتھک کوششوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم نے جنگ میں قیمتی جانوں کے ضیاع اور آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی کامیابی اور نقصان ہمارا اپنا ہے۔
ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے اپنے خطاب کا آغاز مفکرِ پاکستان علامہ اقبال کے شعر سے کیا اور کہا کہ پاکستان اور ایران یک جان دو قالب اور مشترکہ منزل کے شراکت دار ہیں۔ پاکستان صرف ہمارا ہمسایہ ہی نہیں بلکہ بھائی اور عزیز دوست ہے، اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط پاکستان پر تہران کے قریبی اعتماد کی بدولت ممکن ہوئے۔ انہوں نے مذاکراتی عمل میں پاکستان کے بہترین اور تعمیری کردار کی تعریف کی اور کہا کہ ماضی قریب کے واقعات نے دونوں ممالک کے قریبی رشتے کو نئی جہت دی ہے۔ ایرانی صدر نے دورے کی دعوت، شاندار استقبال اور بھرپور میزبانی پر پاکستانی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا، جبکہ امن عمل میں تعاون پر مصر، قطر، ترکیہ اور سعودی عرب کی قیادت کا بھی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خطے میں پائیدار ترقی اور چیلنجز پر قابو پانا تعمیری گفتگو اور علاقائی روابط کے فروغ سے ہی ممکن ہے اور دونوں ممالک مل کر ایک خوشحال مشترکہ مستقبل کی طرف آگے بڑھیں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے گفتگو کا اختتام “پاکستان ایران دوستی زندہ باد” کے نعرے سے کیا۔



