
کوئٹہ(یو این اے )صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاون میں دن دیہاڑے مدرسے جانے والی ایک نوجوان لڑکی کو اغوا کرنے کی ناکام کوشش کی گئی ہے، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔ وائرل ہونے والی سی سی ٹی وی (CCTV) فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نوجوان لڑکی روزمرہ کے معمول کے مطابق مدرسے جا رہی تھی کہ گھات لگائے ملزمان نے اسے زبردستی اغوا کرنے کی کوشش کی، تاہم لڑکی کی مزاحمت اور دیگر اسباب کی بنا پر ملزمان موقع سے فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔دن دیہاڑے مصروف ترین علاقے میں پیش آنے والے اس لرزہ خیز واقعے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر شہریوں کی جانب سے شدید ردعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے اور عوامی و سماجی حلقوں میں گہری تشویش اور خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس حکام سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وائرل ویڈیو کی مدد سے ملزمان کی فوری شناخت کر کے انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور شہر میں خواتین کے تحفظ اور امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی کے مثر اقدامات کیے جائیں۔



