امریکی سائنسدانوں کے پراسرار قتل کی تحقیقات کا حکم، ٹرمپ نے ایف بی آئی کوسونپ دیا

رپورٹس کے مطابق تحقیقات کا دائرہ کار 2022 سے 2026 تک کے عرصے پر محیط ہے، جس کے دوران اب تک 6 معروف سائنسدان پراسرار طور پر قتل ہوئے جبکہ 5 لاپتہ ہو چکے ہیں۔ ان واقعات میں ناسا کی جیٹ پروپلژن لیبارٹری، لاس الاموس نیشنل لیبارٹری، ایم آئی ٹی، کیلٹیک اور حساس فوجی تحقیقی مراکز سے وابستہ ماہرین شامل ہیں۔ پراسرار اموات کے سلسلے کا پہلا نمایاں واقعہ 2022 میں سامنے آیا تھا جب سائنسدان ایمی ایسکریج اپنے گھر میں مردہ پائی گئی تھیں۔
دفاعی ماہرین کا خدشہ ہے کہ ان امریکی سائنسدانوں کو حساس دفاعی معلومات اور جوہری رازوں تک رسائی کی وجہ سے دشمن قوتوں کی جانب سے نشانہ بنایا گیا ہو سکتا ہے۔ صدر ٹرمپ نے واضح کیا ہے کہ دفاعی اور خلائی ٹیکنالوجی کے ماہرین کا تحفظ ریاست کی اولین ترجیح ہے اور اس معاملے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ایف بی آئی اب ان تمام کیسز کے آپس میں تعلق اور بیرونی مداخلت کے پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لے رہی ہے۔



