پی بی 21حب میں کامیابی عوامی مینڈیٹ کی فتح ہے، سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری
February 26, 2026
ریکاونٹنگ کا شفاف عمل وزیر اعلی کی جراتمندانہ قیادت سے ممکن ہوا، سازشیں ناکام بنائیںکوئٹہ(یو این اے )سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کی چیئرپرسن سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے حلقہ پی بی 21 حب کی عوام کو میر علی حسن زہری کی کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ جیت محض ایک انتخابی کامیابی نہیں بلکہ عوامی امنگوں اور حق کے ساتھ کھڑے ہونے کی واضح علامت ہے۔انہوں نے وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ریکانٹنگ کے عمل کو شفاف اور منصفانہ انداز میں مکمل کرانے میں اہم کردار ادا کیا اور غیر قانونی ہتھکنڈوں کو ناکام بنایا۔ ان کے مطابق وزیر اعلی نے عوامی توقعات کا احترام کرتے ہوئے ہنگامی بنیادوں پر عمل کو بلا تعطل جاری رکھا۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ ان کا اور علی حسن زہری کا مشن عوام کی خدمت ہے اور کسی قسم کے اختلافات کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنا درست نہیں۔ انہوں نے دعوی کیا کہ عدالتی اور آئینی اداروں نے بارہا عوامی مینڈیٹ کے حق میں فیصلے دیے اور ہر سازش ناکام ہوئی۔انہوں نے سردار صالح محمد بھوتانی اور بھوتانی برادران پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنی شکست تسلیم کرنی چاہیے اور عوامی فیصلے کا احترام کرنا چاہیے۔ ان کے بقول مسلسل عدالتی چارہ جوئی اور ریکانٹنگ کے عمل کو سبوتاژ کرنے کی کوششیں عوامی مینڈیٹ کی توہین کے مترادف ہیں۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ حب کی ترقی کے لیے صحت، تعلیم، صاف پانی، سیوریج، روزگار، ماسٹر پلان اور دیگر منصوبوں پر کام جاری ہے اور عوامی خدمت کا مشن کسی رکاوٹ کے بغیر آگے بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئینی اداروں پر مکمل اعتماد ہے اور قانون کی بالادستی کے تحت عوام کے حقوق کا تحفظ جاری رکھا جائے گا۔