افغانستان میں سہولت کاروں سے رابطے میں رہنے والا انسانی اسمگلرکوئٹہ میں گرفتار
February 22, 2026
ایف آئی اے کی بڑی کارروائی، 8 افغان باشندے تحویل میں، مرکزی ملزمان کی تلاش جاری کوئٹہ(یو این اے )ایف آئی اے نے انسانی اسمگلرز کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے اے ایچ ٹی سی کوئٹہ کی ٹیم نے سب ایجنٹ عرفان کو گرفتار کر لیا، جو افغانستان میں موجود سہولت کاروں سے رابطے میں تھا۔ کارروائی کے دوران 8 افغان باشندوں کو بھی تحویل میں لے لیا گیا۔ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم عرفان انسانی اسمگلنگ نیٹ ورک کا اہم کردار ہے، جبکہ مرکزی ملزمان گل بدین اور غمائی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ملزم کے موبائل فون سے واٹس ایپ چیٹس اور دیگر اہم شواہد برآمد ہوئے ہیں، جن سے انسانی اسمگلنگ میں ملوث ہونے کے واضح ثبوت سامنے آئے ہیں۔حکام کے مطابق اسمگلنگ میں استعمال ہونے والا رکشہ بھی ضبط کر لیا گیا ہے۔ مزید یہ کہ افغانستان میں موجود تاج محمد اور کامل سے براہ راست روابط کی تصدیق بھی ہو گئی ہے۔ ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے اور نیٹ ورک کے دیگر ارکان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔