کوئٹہ، واشک ڈی ایچ او سرکاری ادویات بلیک مارکیٹ میں فروخت کرتے ہوئے گرفتار ایف آئی آر ابھی تک درج نہ ہوسکا
January 14, 2026
کوئٹہ، واشک ڈی ایچ او سرکاری ادویات بلیک مارکیٹ میں فروخت کرتے ہوئے گرفتار
کوئٹہ(یو این اے )بلوچستان کے پسماندہ ضلع واشک میں صحت کے نظام کی سنگین غفلت اور لوٹ مار کا ایک اور اسکینڈل سامنے آیا ہے، جہاں ضلع کے ڈی ایچ او کو سرکاری ادویات بلیک مارکیٹ میں فروخت کرنے کی کوشش کرتے ہوئے پولیس نے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ذرائع کے مطابق ڈی ایچ او واشک رات تقریبا 3 بجے سرکاری گاڑی میں 30 کاٹن مہنگی سرکاری ادویات کوئٹہ منتقل کر رہے تھے۔ ان ادویات کی مجموعی مالیت ایک کروڑ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے اور یہ واشک کے غریب مریضوں کے لیے مختص کی گئی تھیں۔ مبینہ طور پر ڈی ایچ او نے انہیں بلیک مارکیٹ میں فروخت کرنے کی کوشش کی۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ کارروائی کے دوران تمام ادویات پولیس کے قبضے میں لے لی گئیں، تاہم نیو سریاب تھانہ نے ابھی تک ڈی ایچ او کے خلاف ایف آئی آر درج نہیں کی، جس پر عوام اور ذرائع میں تشویش پائی جاتی ہے۔یہ واقعہ ضلع واشک میں صحت کے نظام میں موجود بدعنوانی اور عوام کی زندگی کے ساتھ کیے جانے والے ظلم کا ایک اور واضح ثبوت ہے، جہاں مریض بنیادی ادویات سے محروم ہیں اور سرکاری وسائل ناجائز استعمال کیے جا رہے ہیں۔تھانہ اور متعلقہ حکام پر زور دیا جا رہا ہے کہ وہ فوری طور پر قانونی کارروائی کرتے ہوئے ذمہ دار افسران کو جواب دہ بنائیں اور پسماندہ ضلع کے مریضوں کے لیے مختص ادویات کی فراہمی یقینی بنائیں۔