بلوچستان فنانس ایکٹ 2020کے تحت ایکسائز ڈیوٹی میں اضافے کو آئینی قرار دے دیا
January 13, 2026
بلوچستان فنانس ایکٹ 2020کے تحت ایکسائز ڈیوٹی میں اضافے کو آئینی قرار دے دیا
اسلام آباد،کوئٹہ(یو این اے )وفاقی آئینی عدالت نے بلوچستان فنانس ایکٹ 2020 کے تحت معدنیات پر ایکسائز ڈیوٹی میں اضافے کو آئینی قرار دے دیا ہے۔ عدالت نے اٹک سیمنٹ کی جانب سے بلوچستان حکومت کے خلاف دائر درخواست مسترد کرتے ہوئے قانون کو جائز قرار دیا۔جسٹس عامر فاروق اور جسٹس روزی خان بریچ نے کیس کی سماعت کی، اور تحریری فیصلہ جسٹس عامر فاروق نے جاری کیا۔ فیصلہ 15 صفحات پر مشتمل ہے، جس میں کہا گیا کہ ایک قانون کے وفاقی اور صوبائی دونوں پہلو ہو سکتے ہیں، اور اس لحاظ سے قانون درست ہے۔تحریری فیصلے میں مزید کہا گیا کہ معدنیات پر عائد کی جانے والی ایکسائز ڈیوٹی لیبر ویلفیئر کے لیے ہے اور عوامی مفاد کا تحفظ کرتی ہے۔ چونکہ لیبر ویلفیئر صوبائی اختیار میں آتا ہے، اس لیے صوبائی اسمبلی کو قانون سازی کا حق حاصل ہے۔ عدالت نے واضح کیا کہ صوبائی قانون وفاقی اختیار کو ختم نہیں کرتا بلکہ آئینی ہم آہنگی میں ہے۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا تھا کہ ایکسائز ڈیوٹی لگانا وفاقی اختیار ہے اور صوبائی اسمبلی کو اس پر قانون سازی کا اختیار نہیں، تاہم عدالت نے اس استدعا کو مسترد کر دیا۔ بلوچستان فنانس ایکٹ 2020 کے تحت معدنیات پر ایکسائز ڈیوٹی کی شرح میں قابل ذکر اضافہ کیا گیا تھا، جو اب آئینی طور پر جائز قرار پائی ہے۔