آٹھویں قومی کانگریس شہید حسین علی یوسفی کی 17ویں برسی قومی تاریخ کا اہم موقع قرار
January 12, 2026
آٹھویں قومی کانگریس شہید حسین علی یوسفی کی 17ویں برسی قومی تاریخ کا اہم موقع قرار
کوئٹہ(یو این اے )ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی بیان میں کہا گیا ہے کہ پارٹی کی آٹھویں قومی کانگریس اور شہید چیئرمین حسین علی یوسفی کی 17ویں برسی ہزارہ قومی سیاسی تاریخ میں قوم کے اجتماعی سیاسی، سماجی اور معاشی اہداف کے تعین و حصول کی جانب ایک غیر معمولی اہمیت کا حامل موقع ہے۔ بیان میں پارٹی کارکنان، حمایتی دوستوں اور کوئٹہ کے شہریوں سے اپیل کی گئی کہ وہ اس اہم موقع پر بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کر کے اپنی وابستگی اور قومی ذمہ داری کا اظہار کریں۔مرکزی بیان میں کہا گیا کہ شہید چیئرمین کی برسی اور قومی کانگریس کا بیک وقت انعقاد پارٹی کی گزشتہ مرکزی کونسل کا ایک تاریخی فیصلہ ہے، جس کے ذریعے پارٹی نہ صرف اپنے شہید رہنما سے عہدِ وفا کا اعادہ کر رہی ہے بلکہ اپنی جمہوری روایات اور اقدار کی پاسداری کا عملی مظاہرہ بھی کر رہی ہے۔ اس اقدام کے ذریعے ایچ ڈی پی صوبے اور ملک کی بڑی سیاسی جماعتوں کو اپنے کارکنوں کو اعتماد میں لینے کا پیغام دے رہی ہے۔بیان میں کہا گیا کہ ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی نے ہمیشہ حقیقی جمہوریت، عوام کے حقِ حکمرانی، اور کارکنان کے حقِ تنقید و مثبت تجاویز کے احترام کو اولین ترجیح دی ہے۔ پارٹی آئندہ بھی کوئٹہ کے شہریوں کی آواز بن کر شہر کے ساتھ روا رکھے جانے والے سوتیلے سلوک، مسلط حکمرانی اور جعلی نمائندگی کے خلاف جدوجہد جاری رکھے گی۔مرکزی بیان میں پارٹی کارکنان پر زور دیا گیا کہ وہ قومی کانگریس اور شہید چیئرمین کی برسی کی بھرپور تیاری کریں تاکہ اس تاریخی موقع کو قومی تاریخ کی ایک یادگار اور تاریخی تقریب بنایا جا سکے۔