حماس کے ترجمان ابوعبیدہ کی شہادت پر جمعیت علما اسلام نظریاتی کا اظہارِ رنج
December 30, 2025
ابوعبیدہ کی شہادت عظیم سانحہ، شہدا کی قربانیاں فلسطین کی آزادی کا پیش خیمہ ہیں، مولانا عبدالقادر لونی
کوئٹہ(یو این اے )جمعیت علما اسلام نظریاتی پاکستان کے امیر مولانا عبدالقادر لونی، سرپرست اعلی مولانا ڈاکٹر شمس الہدی، مرکزی جنرل سیکرٹری مفتی شفیع الدین، صوبائی امیر خیبر پختونخوا قاضی گل الرحمن نکیال، صوبائی امیر پنجاب مولانا ثنااللہ، صوبائی امیر سندھ مولانا عزیز احمد شاہ امروٹی، مرکزی نائب امیر مولانا عبدالروف، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری مولانا محمود الحسن قاسمی، مرکزی سیکرٹری مالیات حاجی حیات اللہ کاکڑ اور مرکزی ترجمان سید حاجی عبدالستار شاہ چشتی نے حماس کے ترجمان ابوعبیدہ کی شہادت پر دلی غم و رنج کا اظہار کیا۔ رہنماں نے کہا کہ ابوعبیدہ کی شہادت عظیم سانحہ ہے، تاہم شہادتیں امت کے حوصلے پست نہیں کرتیں بلکہ آزادی کی نوید بن کر ابھرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہدا فلسطین کی عظیم جدوجہد و استقامت کے نتیجے میں صہیونی سامراج اور طاغوتی فتنے کو شکست ہوگی اور فلسطین پر آزادی کا انقلاب برپا ہوگا۔ بیان میں کہا گیا کہ شہید اسماعیل ہانیہ، شہید سنوار اور شہید ابوعبیدہ نے جس جرات و بہادری سے قیادت کی وہ امت کی حریت و آزادی کے لیے مثال ہیں، ابوعبیدہ ایک خوددار مردِ مجاہد، جرات مندانہ قائد اور اسلام دوست رہنما تھے جنہوں نے اہلِ فلسطین کو آزادی و استقلال کی شاہراہ پر گامزن کیا۔