
کوئٹہ: حکومت بلوچستان نے انتہائی مطلوب دہشتگردوں کے بارے میں معلومات فراہم کرنے والوں کے لیے 5 سے 25 کروڑ روپے تک انعامات کا اعلان کردیا۔
معاون وزیر داخلہ برائے میڈیا امور بابر یوسفزئی نے بتایا کہ انتہائی مطلوب دہشتگردوں کے سروں پر بھاری انعامات مقرر کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ رحمان گل کے بارے میں مستند معلومات فراہم کرنے والے شخص کو 25 کروڑ روپے انعام دیا جائے گا، جبکہ بشیر زیب کے حوالے سے اطلاع دینے والے کے لیے بھی 25 کروڑ روپے انعام مقرر کیا گیا ہے۔
بابر یوسفزئی کے مطابق دیگر انتہائی مطلوب دہشتگردوں کے بارے میں معلومات فراہم کرنے پر بھی مختلف انعامات مقرر کیے گئے ہیں۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے مطلوب افراد کے حوالے سے مستند معلومات متعلقہ اداروں کو فراہم کریں۔



