
کوئٹہ(یو این اے )محکمہ آبپاشی بلوچستان میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے دوران ایس ڈی او امین عمرانی گزشتہ 10 روز سے منظر عام سے غائب ہیں، جبکہ ایک صوبائی وزیر کے مبینہ فرنٹ مین کے بھی روپوش ہونے کی اطلاعات ہیں۔ اینٹی کرپشن حکام نے مسلسل عدم پیشی پر ایس ڈی او کو ایک اور طلبی کا نوٹس جاری کردیا ہے۔اینٹی کرپشن حکام کے مطابق ایس ڈی او امین عمرانی کو تحقیقات میں شامل ہونے کے لیے متعدد مرتبہ طلبی کے نوٹسز جاری کیے گئے، تاہم وہ تاحال تحقیقاتی حکام کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان کی مسلسل عدم دستیابی کے باعث محکمہ آبپاشی میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں کی تحقیقات متاثر ہو رہی ہیں۔تفتیشی حکام کے مطابق متعلقہ افسر کے پاس مبینہ مالی بے ضابطگیوں سے متعلق اہم ریکارڈ اور شواہد موجود ہیں، جن کا جائزہ لینا تحقیقات کو آگے بڑھانے کے لیے ضروری ہے۔اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ بلوچستان نے ایس ڈی او کی مسلسل عدم پیشی کا نوٹس لیتے ہوئے انہیں دوبارہ طلب کرلیا ہے۔ حکام کے مطابق معاملے کی تمام پہلوں سے تحقیقات جاری ہیں اور مقررہ وقت پر پیش نہ ہونے کی صورت میں متعلقہ افسر کے خلاف قانون کے مطابق مزید کارروائی کی جائے گی۔



