
کوئٹہ(یو این اے )بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران 8 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جبکہ دہشت گردوں کے مسلح کواڈ کاپٹرز کے ذریعے حملے میں پاک فوج کے میجر عمر منہاس ناصر اور حوالدار محمد عدنان خان شہید ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 13 نومبر سے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق 13 اور 14 نومبر کی درمیانی شب کالپور میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جس کے دوران 8 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔ کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق کالپور، کردگاپ اور نوشکی کے گردونواح میں دہشت گردوں کے خلاف متعدد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے جا رہے ہیں، جبکہ علاقے میں سکیورٹی کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے کوئٹہ تفتان قومی شاہراہ این 40 پر گشت بھی جاری ہے۔ترجمان پاک فوج کے مطابق 14 نومبر کو فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے گشت پر مامور پاک فوج کی گاڑیوں کو مسلح کواڈ کاپٹرز کے ذریعے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں میجر عمر منہاس ناصر اور حوالدار محمد عدنان خان نے جام شہادت نوش کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق شہید میجر عمر منہاس ناصر کا تعلق ضلع چکوال جبکہ حوالدار محمد عدنان خان کا تعلق کوٹلی ستیاں سے تھا۔آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت اور دیگر دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں کی پشت پناہی سے فتنہ الہندوستان کے دہشت گرد ڈرونز، دیسی ساختہ دھماکا خیز آلات اور دیگر جدید تکنیکی ذرائع استعمال کر رہے ہیں۔ بیان میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ بھارت دہشت گردوں کو مالی معاونت اور جدید ترین آلات فراہم کر رہا ہے۔ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز بدلتے ہوئے خطرات سے مکمل طور پر آگاہ ہیں اور دہشت گردوں کو کسی صورت کارروائیوں کے لیے جگہ نہیں دی جائے گی، خواہ وہ کوئی بھی طریقہ اختیار کریں۔آئی ایس پی آر کے مطابق قومی ایکشن پلان کے تحت منظور شدہ وژن عزمِ استحکام کے تحت ملک بھر میں انسداد دہشت گردی کی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی۔



