
لاہور میں اسموگ اور شدید فضائی آلودگی نے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی، شہر کے مختلف علاقوں میں ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 450 سے 500 کے درمیان ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ ماحولیات اور مانیٹرنگ ذرائع کے مطابق لاہور کی فضائی صورتحال انتہائی مضرِ صحت قرار دی گئی ہے، جبکہ گڑھی شاہو، گلبرگ اور کینال روڈ سمیت مختلف علاقوں میں آلودگی کی مسلسل نگرانی جاری ہے۔
فضائی آلودگی میں اضافے کے باعث شہریوں کو آنکھوں میں جلن، کھانسی اور گلے کی خرابی جیسی شکایات کا سامنا ہے۔
سانس اور دمے کے مریضوں کو بھی شدید مشکلات پیش آرہی ہیں، جبکہ موٹر سائیکل سواروں اور پیدل چلنے والوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور ماسک استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔



