
کوئٹہ(یو این اے )بلوچستان کے ضلع مستونگ میں قومی شاہراہ این 25 پر کنڈو پوسٹ کے مقام پر بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا، سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں تین حملہ آور ہلاک ہوگئے، تاہم دھماکے کے نتیجے میں دو شہری شہید اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ترجمان محکمہ پولیس بلوچستان کے مطابق فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں نے بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے سکیورٹی پوسٹ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، تاہم سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے حملے کے منصوبے کو ناکام بنا دیا۔ترجمان کے مطابق دھماکے سے قریبی مکانات اور ایک مسجد کو نقصان پہنچا۔ واقعے میں کلیم اللہ ولد عبداللہ اور بی بی لائبہ دختر دل مراد شہید ہوگئیں، جبکہ تین ایف سی اہلکاروں سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے۔زخمیوں میں عبد الحق، محمد اکرام، محمد رمضان، محمد سنان، تانیہ، منیزہ، بی بی حسینہ، زاہدہ، فائزہ گل، شاہینہ، شبلیزہ، معراج اور بی بی سیدہ شامل ہیں۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے متعلقہ مراکز منتقل کردیا گیا ہے۔ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کا بلوچستان کے عوام سے کوئی تعلق نہیں، سکیورٹی فورسز نے بڑے حملے کے عزائم ناکام بنائے ہیں۔ بلوچستان میں امن، ترقی اور خوشحالی کے دشمنوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور عوام کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔



