
فارمولا ون کے عالمی چیمپئن لوئس ہیملٹن نے غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں اور انسانی بحران پر شدید افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں لوئس ہیملٹن نے کہا کہ غزہ میں گزشتہ تین برس سے جاری صورتحال کے مناظر انتہائی افسوسناک ہیں، لوگوں کو آزادی، تحفظ اور عزت سے محروم رکھنا ناانصافی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی انسان کی زندگی دوسروں سے کم اہم نہیں ہونی چاہیے اور ہر شخص کو یکساں حقوق حاصل ہونے چاہئیں۔
لوئس ہیملٹن نے مصر میں رفح سرحدی گزرگاہ کے دورے کا حوالہ دیتے ہوئے اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ غزہ میں امدادی ٹرکوں کو داخلے کی اجازت دی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے سرحد پر خوراک سے لدے امدادی ٹرکوں کی طویل قطاریں دیکھیں، جو غزہ میں داخلے کے منتظر تھے، تاہم انہیں اکثر روک لیا جاتا ہے یا داخلے میں طویل تاخیر کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔



