تازہ تریندنیا

غزہ میں شدید بارشوں سے بے گھر فلسطینیوں کے خیموں پر مٹی کا تودہ گرنے سے 4 افراد شہید، 5 زخمی

طوفانی بارشوں سے ہزاروں خیمے زیرِ آب، 19 لاکھ سے زائد فلسطینی بے گھر، اقوام متحدہ نے انسانی بحران پر تشویش کا اظہار کر دیا۔

 

غزہ میں شدید بارشوں سے بے گھر فلسطینیوں کے خیموں پر مٹی کا تودہ گرنے سے 4 افراد شہید، 5 زخمی
غزہ میں شدید بارشوں سے بے گھر فلسطینیوں کے خیموں پر مٹی کا تودہ گرنے سے 4 افراد شہید، 5 زخمی

غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اتوار کی شب وسطی غزہ میں بے گھر خاندانوں کے لیے قائم ایک کیمپ میں شدید بارشوں کے دوران مٹی کا تودہ خیموں پر گر گیا، جس کے نتیجے میں 3 بچوں سمیت 4 افراد شہید ہوگئے۔ حادثے میں 5 افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں ملبے سے نکال کر طبی امداد فراہم کی گئی۔

سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں مقامی افراد اور امدادی کارکنوں کو موبائل فون کی روشنی میں ریت، چٹانوں اور گرے ہوئے خیموں کے نیچے دبے افراد کی تلاش کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ غزہ کے محکمہ شہری دفاع نے واقعے کو انسانی المیہ قرار دیتے ہوئے عالمی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ بے گھر فلسطینیوں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کی جائیں اور خیموں کو ڈھلوانوں اور مٹی کھسکنے کے خطرے والے علاقوں سے منتقل کیا جائے۔

واضح رہے کہ ہفتے کے روز ہونے والی طوفانی بارشوں کے باعث غزہ بھر میں ہزاروں خیمے زیرِ آب آگئے تھے۔ شہری دفاع کے مطابق بعض مقامات پر پانی کی سطح تقریباً 5 فٹ تک پہنچ گئی، جبکہ امدادی اداروں کو موصول ہونے والی 2100 ہنگامی کالز میں سے صرف 10 فیصد پر ہی کارروائی ممکن ہوسکی۔

اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں غزہ کی تقریباً 80 فیصد عمارتیں تباہ یا متاثر ہوچکی ہیں، جبکہ 19 لاکھ سے زائد فلسطینی بے گھر ہوئے ہیں۔ ان میں سے تقریباً 12 لاکھ افراد خیموں اور عارضی پناہ گاہوں میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ اکتوبر 2025 میں طے پانے والی جنگ بندی کے باوجود غزہ کی انسانی صورتحال بدستور سنگین ہے۔ فضائی حملوں اور دیگر کارروائیوں کے باعث شہریوں کو جانی و مالی نقصان کا سامنا ہے اور مزید نقل مکانی بھی جاری ہے۔

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button