شاہ رخ خان نے فلم ہم تمہارے ہیں صنم کے 95 لاکھ روپے معاوضے چھوڑ دیے، فلم ساز کے سی بوکاڈیا کا بڑا انکشاف
کنگ خان نے فلم ساز کے احترام میں بقیہ رقم لینے سے انکار کیا، امیتابھ بچن، سلمان خان اور رجنی کانت کے پروفیشنل رویے کی بھی تعریف

بھارتی فلم ساز کے سی بوکاڈیا نے بالی وڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کے بڑے پن اور پروفیشنل رویے سے متعلق ایک دلچسپ انکشاف کیا ہے۔بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں فلم ساز نے بتایا کہ شاہ رخ خان نے فلم ہم تمہارے ہیں صنم کے لیے 2 کروڑ روپے معاوضہ طے کیا تھا، جس میں سے انہیں 1 کروڑ 5 لاکھ روپے ادا کیے جاچکے تھے، جبکہ 95 لاکھ روپے کی رقم باقی تھی۔کے سی بوکاڈیا کے مطابق شاہ رخ خان نے ان کے بیٹے سے کہا کہ وہ فلم ساز کے لیے اپنے دل میں موجود احترام کی وجہ سے باقی 95 لاکھ روپے وصول نہیں کرنا چاہتے۔فلم ساز نے مزید بتایا کہ امیتابھ بچن، سلمان خان، جیکی شروف اور رجنی کانت جیسے بڑے اداکار بھی اپنے ذاتی عملے کی تنخواہوں اور اخراجات کا بوجھ پروڈیوسرز پر نہیں ڈالتے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ ان سینئر اداکاروں کا رویہ فلم کی پوری ٹیم کے ساتھ دوستانہ ہوتا تھا، وہ سیٹ پر ہر فرد کے ساتھ گھل مل کر رہتے اور بغیر کسی تفریق کے سب کے ساتھ کھانا بھی کھاتے تھے۔کے سی بوکاڈیا نے ان اداکاروں کے طرزِ عمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کا پروفیشنل رویہ فلم سازوں کے لیے قابلِ قدر تھا۔



