
اپوزیشن لیڈر میر یونس عزیز زہری نے پوائنٹ آف آرڈر پر محکمہ جنگلات میں بھرتیوں کے معاملے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی بلوچستان نے مبینہ الزامات کی تحقیقات کا اعلان کیا تھا، تاہم اب معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ آسامیاں ہی منسوخ کردی گئی ہیں جبکہ تحقیقات کے لیے تاحال کمیٹی بھی تشکیل نہیں دی گئی، اس کی وضاحت کی جائے۔انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں فیصلہ ہونے کی بات کی گئی تھی، تاہم اب ایسا محسوس ہوتا ہے کہ معاملات انڈر ٹیبل ہوئے ہیں۔اس پر اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن (ر) عبدالخالق اچکزئی نے کہا کہ کوئی معاملہ انڈر ٹیبل نہیں ہوا، تمام امور سب کے سامنے انجام دیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی بلوچستان بیرون ملک تھے، جس کے باعث کمیٹی تشکیل نہیں دی جاسکی، تاہم آئندہ دو روز میں محکمہ جنگلات کی بھرتیوں کے معاملے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم کردی جائے گی۔



