
کوئٹہ (یو این اے) بلوچستان اسمبلی کے جاری اجلاس میں اسما جتک کے اغوا اور ان کے والد کے قتل کا معاملہ زیر بحث آیا۔ امیر جماعت اسلامی بلوچستان و رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ اسما جتک کے والد کے قتل کے اصل ملزمان تاحال گرفتار نہیں کیے گئے اور انہیں مبینہ طور پر محفوظ پناہ گاہیں حاصل ہیں۔مولانا ہدایت الرحمن نے کہا کہ ہمیں اصل قاتل چاہیے، ظلم کرنے والے سرداروں اور نوابوں کو نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسما جتک کو مبینہ طور پر اغوا کرنے والے شخص کو گرفتار کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر قاتل کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارنا ہو تو وہ وزیراعلی کو بتا سکتے ہیں کہ کہاں کارروائی کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ اسما جتک کے اغوا اور ان کے والد کے قتل میں ملوث افراد خواہ کتنے ہی بااثر کیوں نہ ہوں، ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔ مولانا ہدایت الرحمن نے کہا کہ اسما جتک سے زیادہ مظلوم کوئی سردار یا نواب نہیں ہے، اصل مظلوم عام شہری ہیں جنہیں انصاف ملنا چاہیے۔



