
جعفرآباد(یو این اے)جعفرآباد کے علاقے محبت شاخ میں نہری پانی کی طویل بندش اور عدم فراہمی کے خلاف کسانوں اور زمینداروں نے منفرد احتجاج کرتے ہوئے ہاتھوں میں قرآن پاک اٹھا کر احتجاجی ریلی نکالی اور تقریبا 10 کلومیٹر تک طویل پیدل مارچ کیا۔ کسان رہنما بشیر احمد مینگل کی قیادت میں نکالی جانے والی اس ریلی کے شرکا نے محکمہ ایری گیشن کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور فوری طور پر نہری پانی کی بحالی کا مطالبہ کیا۔مظاہرین کا اس موقع پر کہنا تھا کہ وہ گزشتہ 6 ماہ سے نہری پانی کی شدید قلت کا سامنا کر رہے ہیں جس کے باعث ان کی ہزاروں ایکڑ زرعی زمینیں بنجر ہو چکی ہیں، جبکہ تالاب اور توبے خشک ہونے کی وجہ سے اب انسانوں اور مال مویشیوں کے لیے پینے کا صاف پانی تک میسر نہیں رہا۔ احتجاج کی شدت اور کسانوں کی مشکلات کو دیکھتے ہوئے محکمہ ایری گیشن کے ایس ڈی او امان اللہ گاجانی موقع پر پہنچ گئے اور مظاہرین سے مذاکرات کرتے ہوئے انہیں آئندہ 48 گھنٹوں کے اندر اندر نہری پانی کی فراہمی یقینی بنانے کی باقاعدہ یقین دہانی کرائی، جس کے بعد کسانوں نے اپنا احتجاج ختم کر دیا۔



