
کوئٹہ )یو این اے( وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے صوبائی وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا اللہ لانگو سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے مستونگ میں پیش آنے والے حملے کے بعد ان کی خیریت دریافت کی اور واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔محسن نقوی نے کہا کہ اللہ تعالی کا کرم ہوا کہ میر ضیا اللہ لانگو حملے میں محفوظ رہے۔ انہوں نے مستونگ حملہ ناکام بنانے پر بلوچستان پولیس کی بہادری اور جرات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بلوچستان پولیس کی قربانیاں قابلِ قدر ہیں۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ امن دشمن عناصر کے خلاف کارروائیوں میں سکیورٹی اداروں کی قربانیاں قوم کے لیے قابلِ فخر ہیں اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔میر ضیا اللہ لانگو نے خیریت دریافت کرنے اور حوصلہ افزائی پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک ضرور پہنچایا جائے گا اور امن دشمن عناصر کے مذموم عزائم کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔



