
کوئٹہ )یواین اے( پاکستان کے 79ویں یوم آزادی کے موقع پر کوئٹہ میں تعینات اسلامی جمہوریہ ایران کے ثقافتی اتاشی اور ڈائریکٹر جنرل خانہ فرہنگ سید ابوالحسن میری نے پاکستانی عوام، بالخصوص کوئٹہ اور بلوچستان کے شہریوں کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔اپنے ویڈیو پیغام میں سید ابوالحسن میری نے کہا کہ 14 اگست محض ایک تقویمی جشن نہیں بلکہ ایک ایسی غیور قوم کی شجاعت اور جدوجہد کی داستان ہے جس نے اپنی شناخت اور آزادی کے حصول کے لیے عظیم قربانیاں دیں۔انہوں نے کہا کہ حالیہ مہینوں میں استکباری و صیہونی جارحیت اور رہبرِ امت امام خامنہ ای کی شہادت کے جانکاہ صدمے کے دوران پاکستان بھر سے ملنے والی بھرپور حمایت اور ہمدردی نے ثابت کیا ہے کہ ایران اور پاکستان کی اقوام کے درمیان تعلق جغرافیائی سرحدوں سے کہیں بالاتر اور ناقابلِ تنسیخ ہے۔ایرانی ثقافتی اتاشی نے کہا کہ ایران اور پاکستان کی قومیں صدیوں سے مشترکہ موسیقی، فنون، فنِ تعمیر اور روزمرہ زبان کے ایک ہی روحانی آہنگ سے جڑی ہوئی ہیں، جنہیں سرحدیں کبھی جدا نہیں کرسکتیں۔انہوں نے حکیم الامت علامہ محمد اقبال کے شعر “اے جوانانِ عجم، جانِ من و جانِ شما” کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ کوئٹہ کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں، جہاں انہیں روزانہ پاک ایران عوامی تعلق اور محبت کا عملی ثبوت نظر آتا ہے۔اپنے پیغام کے اختتام پر سید ابوالحسن میری نے پاکستان کے تابناک مستقبل، عوام کے عزم و استقامت اور پاک ایران دوستی کی مضبوطی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے “پاک ایران دوستی پائندہ باد” کے نعرے کے ساتھ پاکستانی قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد پیش کی۔



