؎

قلعہ عبداللہ)یو این اے(بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ میں دو خاندانوں کے درمیان 24 سال سے جاری خونی دشمنی بالآخر ختم ہوگئی، جہاں علاقے کے 25 سے 35 سال عمر کے نوجوانوں نے وہ کام کر دکھایا جو کئی برسوں کے دوران سردار، خان، ملک اور دیگر قبائلی عمائدین کے درجنوں جرگے نہ کرسکے۔ صلح کے بعد 24 سال سے ایک دوسرے سے جدا ماں اور بیٹی کی ملاقات ہوئی، جبکہ ایک نواسے نے پہلی بار اپنی نانی اور ایک نوجوان نے پہلی مرتبہ اپنے ماموں کو دیکھا۔یہ دشمنی 2002 میں حاجی امان اللہ کے قتل کے بعد شروع ہوئی تھی۔ دونوں خاندانوں کے درمیان محض ایک دیوار کا فاصلہ تھا اور مقتول قاتل کا چچا زاد بھائی ہونے کے ساتھ ساتھ اس کا سسر بھی تھا۔ واقعے کے بعد قاتل اپنی اہلیہ کو سسرال سے اپنے ساتھ لے گیا، جس کے نتیجے میں خاتون تقریبا 24 سال تک اپنی والدہ اور بہن بھائیوں سے نہ مل سکیں۔ اس دوران پیدا ہونے والا ان کا بیٹا اب 23 سال کا ہوچکا ہے۔مصالحت کی کوششوں میں شامل عبدالستار اچکزئی کے مطابق اس تنازع کے حل کے لیے تقریبا 48 جرگے منعقد ہوئے، جن میں سرداروں، خانوں، ملکوں، علما اور دیگر قبائلی عمائدین نے شرکت کی، تاہم تمام کوششیں ناکام رہیں۔ بعض فریقین کے مطابق چھوٹے جرگوں سمیت 50 کے قریب اجلاس ہوئے، جبکہ چمن، پشین، کوئٹہ اور گردونواح سے بھی قبائلی عمائدین اور علما نے بڑے جرگوں کے ذریعے صلح کرانے کی کوشش کی۔عبدالستار اچکزئی نے بتایا کہ کوئٹہ میں آباد علاقے کے نوجوانوں نے چند ماہ قبل ایک شادی کی تقریب کے دوران اس پرانی دشمنی کے خاتمے کے لیے خود کردار ادا کرنے کا فیصلہ کیا۔ نوجوانوں نے دونوں خاندانوں کے بزرگوں سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، اعتماد بحال کیا اور غلط فہمیاں دور کرنے کے لیے مسلسل مذاکرات کیے۔ ان کوششوں کے نتیجے میں تقریبا دو ہفتوں میں تنازع کے حل کی راہ ہموار ہوئی اور دو ماہ کے اندر باقاعدہ جرگہ بلا کر دونوں خاندانوں میں صلح کرا دی گئی۔مصالحتی کوششوں میں عبدالستار اچکزئی کے علاوہ وزیر محمد، سعداللہ، حضرت علی، قاہر خان اور حاجی ملک شامل تھے، جن کی عمریں 25 سے 35 سال کے درمیان ہیں۔صلح کی تقریب میں علاقے کے بزرگوں، نوجوانوں اور قبائلی عمائدین سمیت صوبے کے مختلف اضلاع سے دو ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر دونوں خاندانوں کے افراد نے ایک دوسرے کو گلے لگایا، معافی مانگی اور آئندہ امن و بھائی چارے کے ساتھ زندگی گزارنے کا عہد کیا۔علاقائی روایات کے مطابق 50 لاکھ روپے دیت مقرر کی گئی، جبکہ قتل میں ملوث فریق پر دس سال تک علاقے میں داخلے اور قلعہ عبداللہ بازار میں جائیداد خریدنے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ دس سال مکمل ہونے کے بعد علاقے میں واپسی کی اجازت ہوگی:اوردو نیوز نے مطابق۔دشمنی کے ایک فریق محمد نعیم نے بتایا کہ اس تنازع کی وجہ سے خاندان کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ خاندان کے افراد کو علاقہ چھوڑ کر کوئٹہ، گلستان اور کراچی منتقل ہونا پڑا، کاروبار اور روزگار متاثر ہوا جبکہ بچوں کی تعلیم بھی کئی مرتبہ رکوانی پڑی۔ ان کے مطابق خوف کی وجہ سے عید اور دیگر مواقع پر بھی علاقے میں آنا جانا اسلحے کے بغیر ممکن نہیں تھا۔محمد نعیم نے بتایا کہ چند روز قبل جب وہ کام کے لیے گھر سے نکل رہے تھے تو ان کی معذور بیٹی نے انہیں کہا کہ کلاشنکوف ساتھ لے جائیں، کہیں کوئی مار نہ دے۔ اس واقعے نے انہیں شدید متاثر کیا اور انہوں نے مسجد جاکر اللہ سے اس مشکل سے نجات کی دعا کی۔ ان کے مطابق آج وہ دعا قبول ہوگئی اور خاندان کو برسوں بعد امن نصیب ہوا۔غبیزئی قبیلے کے قبائلی رہنما جیلانی خان غبیزئی نے نوجوانوں کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ صلح کرانا دراصل بزرگوں کی ذمہ داری تھی، تاہم 25 سے 35 سال کی عمر کے نوجوانوں نے یہ اہم کارنامہ انجام دے کر نئی مثال قائم کردی ہے۔ڈپٹی کمشنر قلعہ عبداللہ منور حسین مگسی کے مطابق ضلع قبائلی دشمنیوں سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں شمار ہوتا ہے، جہاں اس وقت بھی مختلف قبائل، گروہوں اور خاندانوں کے درمیان 42 دشمنیاں فعال ہیں اور ان میں اب تک 100 سے زائد افراد جان سے جاچکے ہیں۔ ان کے مطابق زیادہ تر تنازعات زمین، ٹیوب ویل اور زرعی پانی کے مسائل پر ہوتے ہیں، جبکہ ضلع میں زمینوں کی آخری باقاعدہ بندوبست کاری 1950 میں ہوئی تھی۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ پرانے اور غیر واضح اراضی ریکارڈ کے باعث زمینوں کے تنازعات اکثر خونی دشمنیوں میں تبدیل ہوجاتے ہیں، اس لیے ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کرکے نئی بندوبست کاری کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ افغان سرحد سے قربت، اسلحے اور منشیات کی اسمگلنگ اور سماجی ذرائع ابلاغ پر نفرت انگیز مواد بھی قبائلی تنازعات کو ہوا دینے والے عوامل میں شامل ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ قبائلی دشمنیوں کے باعث تعلیمی ادارے اور صحت کے مراکز متاثر ہوئے، لوگ نقل مکانی پر مجبور ہوئے، جبکہ بعض اوقات قبائلی معاملات کو سیاسی مقاصد کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ ان مسائل کا مستقل حل عوام میں شعور، تعلیم کے فروغ اور پرانے تنازعات کے پرامن حل میں ہے۔



