
پنجگور)یو این اے( کور کمانڈر بلوچستان لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان نے پنجگور کا خصوصی دورہ کیا، جہاں انہوں نے بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشیٹو کے تحت قائم جناح آئی ٹی ہب، یونیورسٹی آف مکران میں ایف سی بلوچستان ساتھ پرواز فانڈیشن کے زیر انتظام تعمیر کیے گئے سرسید احمد خان لانج اور تزئین و آرائش کے بعد فعال کیے گئے علامہ اقبال آڈیٹوریم کا افتتاح کیا۔جناح آئی ٹی ہب کے قیام کا مقصد نوجوانوں کو جدید ڈیجیٹل تعلیم، پیشہ ورانہ مہارتوں اور ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرکے انہیں روزگار کے نئے مواقع فراہم کرنا ہے۔ آئی ٹی ہب میں 50 جدید کمپیوٹرز پر مشتمل آئی ٹی ہال، ڈیجیٹل لائبریری، آزاد پیشہ ور افراد کے لیے مرکز، تیز رفتار انٹرنیٹ، برقی تجارت اور آزاد پیشہ ورانہ کام کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں، جبکہ بجلی کی بلا تعطل فراہمی کے لیے شمسی توانائی کا نظام بھی نصب کیا گیا ہے۔کور کمانڈر بلوچستان راحت نسیم احمد خان نے یونیورسٹی آف مکران میں سرسید احمد خان لانج اور علامہ اقبال آڈیٹوریم کا بھی افتتاح کیا۔ سرسید احمد خان لانج میں طلبہ و طالبات کے لیے علیحدہ تفریحی اور کیفے ٹیریا کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں، جبکہ مسجد بھی تعمیر کی گئی ہے۔یونیورسٹی میں 120 نشستوں پر مشتمل علامہ اقبال آڈیٹوریم کی تزئین و آرائش کے ساتھ جدید فرنیچر اور صوتی نظام بھی فراہم کیا گیا ہے۔اس موقع پر کور کمانڈر بلوچستان راحت نسیم احمد خان نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ جدید تعلیم اور ڈیجیٹل مہارتوں کے حصول پر خصوصی توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ بدلتے ہوئے دور کے تقاضوں کے مطابق جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ رہنا ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ سکیورٹی ایک اجتماعی ذمہ داری ہے، جبکہ سکیورٹی فورسز کا مقصد علاقے میں پائیدار امن، عوامی خواہشات کے مطابق ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد اور بہتر عوامی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔دورے کے دوران کور کمانڈر بلوچستان راحت نسیم احمد خان نے یونیورسٹی آف مکران اور ویمن اسکل ڈویلپمنٹ سینٹر پنجگور میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات میں لیپ ٹاپس بھی تقسیم کیے۔



