
کوئٹہ یو این اے عالمی بینک نے وفاقی اور بلوچستان حکومت کو بھیجے گئے ایک تفصیلی مراسلے میں خبردار کیا ہے کہ بلوچستان میں رہائشی امداد محدود کیے جانے کے نتیجے میں 119,049 تصدیق شدہ اور اہل خاندان مالی معاونت سے محروم رہ گئے ہیں، جس سے ان کی پہلے سے موجود معاشی کمزوریاں مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔عالمی بینک کے مطابق اہل مستحقین میں 84 فیصد انتہائی غریب اور کمزور طبقے سے تعلق رکھتے ہیں، جن میں 28 فیصد خاندانوں کی ماہانہ آمدن 30 ڈالر سے کم، جبکہ مزید 26 فیصد کی آمدن 31 سے 70 ڈالر ماہانہ کے درمیان ہے۔ ان خاندانوں میں 39 فیصد کرایہ دار، 37 فیصد یومیہ اجرت پر کام کرنے والے مزدور اور 8 فیصد چھوٹے کسان شامل ہیں۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ان طبقات کے پاس محدود بچت، رسمی قرضوں تک کم رسائی اور پیداواری اثاثے نہ ہونے کے باعث اچانک آنے والے معاشی یا قدرتی جھٹکوں سے نمٹنے کی صلاحیت بہت کم ہوتی ہے۔عالمی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر بلورما امگاآبازار نے وفاقی وزارت اقتصادی امور، وزارت منصوبہ بندی اور بلوچستان کے چیف سیکریٹری کو لکھے گئے خط میں کہا کہ 22 جون 2026 تک رہائشی امداد کو پہلے مرحلے کے 62,966 مستحقین تک محدود کرنے اور سبسڈی کی مدد 97 ہزار خاندانوں تک رکھنے کے فیصلے کے بعد بڑی تعداد میں تصدیق شدہ اہل خاندانوں کے لیے مالی معاونت کا کوئی بندوبست نہیں رہا۔



