
کوئٹہ )یو این اے( بلوچستان کے علاقے سورینج میں کوئلہ کان میں پیش آنے والے المناک حادثے کے بعد ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے، جبکہ صوبائی وزیر مائنز اینڈ منرلز میر شعیب نوشیروانی نے تصدیق کی ہے کہ اب تک 11 کان کنوں کی لاشیں کان کے اندر سے نکال لی گئی ہیں۔صوبائی وزیر مائنز نے کہا کہ ریسکیو ٹیمیں انتہائی دشوار اور خطرناک حالات کے باوجود اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں، جبکہ کان میں پھنسے دیگر مزدوروں تک رسائی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔انہوں نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر ریسکیو آپریشن کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے۔میر شعیب نوشیروانی کے مطابق حادثے کے فوری بعد محکمہ مائنز، پی ڈی ایم اے، ریسکیو ٹیموں، ضلعی انتظامیہ، لیویز اور دیگر اداروں نے مشترکہ امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ کان کے اندر زہریلی گیس، ملبے اور محدود راستوں کے باعث آپریشن میں مشکلات پیش آ رہی ہیں، تاہم ریسکیو اہلکار جدید آلات کے ذریعے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔صوبائی وزیر نے جاں بحق کان کنوں کے ورثا کے لیے فی کس 5 لاکھ روپے جبکہ زخمی مزدوروں کے لیے فی کس 3 لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کو مشکل کی اس گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ سورینج کان حادثے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کی جائیں گی تاکہ حادثے کی اصل وجوہات سامنے لائی جا سکیں۔ اگر کسی قسم کی غفلت، لاپرواہی یا حفاظتی اصولوں کی خلاف ورزی ثابت ہوئی تو ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔میر شعیب نوشیروانی نے کہا کہ بلوچستان میں کان کنی کے شعبے میں حفاظتی اقدامات کا ازسرنو جائزہ لیا جا رہا ہے، جس میں گیس مانیٹرنگ، وینٹیلیشن، ایمرجنسی ریسکیو سہولیات، مزدوروں کی تربیت اور حفاظتی آلات کی فراہمی کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔دریں اثنا سورینج کوئلہ کان کے مقام پر ریسکیو آپریشن جاری ہے، جبکہ صوبائی حکومت، محکمہ مائنز اور ضلعی انتظامیہ صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔ حکام کے مطابق آپریشن اس وقت تک جاری رہے گا جب تک کان میں موجود تمام مزدوروں تک رسائی حاصل نہیں کر لی جاتی۔



