
تربت: ضلع کیچ کے علاقے کلاتک سے دو روز قبل اغوا کیے گئے 7 مزدوروں میں سے 6 کی لاشیں تربت کے علاقے ناصر آباد سے برآمد ہوئی ہیں، جبکہ ایک مزدور کو اغوا کے فوری بعد ہی فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا تھا۔معاون برائے میڈیا محکمہ داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی کے مطابق ناصر آباد سے ملنے والی لاشیں اغوا کیے گئے چھ مزدوروں کی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مقتولین میں سے چار کا تعلق پنجاب جبکہ دو کا تعلق خیبرپختونخوا سے تھا۔پولیس کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے دو روز قبل ضلع کیچ کے علاقے کلاتک سے 7 مزدوروں کو اغوا کیا تھا۔ اغوا کے فورا بعد ایک مزدور کو قتل کر دیا گیا، جبکہ باقی 6 مزدوروں کو اپنے ساتھ لے جایا گیا۔ بعد ازاں تمام مغوی مزدوروں کو قتل کرنے کے بعد ان کی لاشیں تربت کے علاقے ناصر آباد سے برآمد ہوئیں۔



