
گوادر: پاک بحریہ کے جنگی جہاز پی این ایس تیمور نے شمالی بحیرہ عرب میں کامیاب سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے سمندر میں پھنسے 19 ماہی گیروں کو بحفاظت بچا لیا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ماہی گیروں کی کشتی گوادر سے تقریبا 120 ناٹیکل میل جنوب میں انجن کی خرابی کے باعث سمندر میں پھنس گئی تھی۔کشتی میں 11 پاکستانی اور 8 ایرانی شہریوں سمیت مجموعی طور پر 19 افراد سوار تھے۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈی نیشن سینٹر نے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے لیے پاک بحریہ سے رابطہ کیا، جس پر پی این ایس تیمور نے فوری کارروائی کرتے ہوئے کشتی تک رسائی حاصل کی۔پاک بحریہ کے جوانوں نے ماہی گیروں کو خوراک، پینے کا صاف پانی اور طبی امداد فراہم کی، جبکہ تمام افراد کو بحفاظت ریسکیو کر کے مزید ضروری سہولیات بھی مہیا کی گئیں۔ پاک بحریہ نے ایک بار پھر سمندر میں انسانی جانوں کے تحفظ اور ہنگامی امدادی کارروائیوں کے لیے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔



