
کوئٹہ(یو این اے )صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے کوئٹہ کے علاقے ایئرپورٹ روڈ، فرید بابا کالونی میں حاملہ خاتون کے قتل کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔معاونِ خصوصی برائے داخلہ بابر یوسفزئی نے بتایا کہ وزیر داخلہ کی ہدایت پر واقعے کی رپورٹ طلب کر لی گئی ہے اور قتل میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔بابر یوسفزئی نے کہا کہ متاثرہ خاندان کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے گا اور واقعے کی شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی بلوچستان کی ہدایات کے مطابق صوبے کے تمام شہریوں کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے، جبکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔معاونِ خصوصی برائے داخلہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کسی کو بھی صوبے میں خوف و ہراس پھیلانے یا قانون کو ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔



