
ڈیرہ بگٹی(یو این اے)بارکھان میں دہشت گردوں کے حملے میں جام شہادت نوش کرنے والے ڈی ایس پی مرید بگٹی کی نماز جنازہ ان کے آبائی علاقے ڈیرہ بگٹی میں ادا کردی گئی جس کے بعد انہیں سرکاری اعزاز کے ساتھ آبائی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا نماز جنازہ میں ڈپٹی کمشنر ساوتھ ڈیرہ بگٹی محمد زوہیب کمانڈنٹ بمبور رائفلز کرنل محمد خرم قبائلی رہنما میر لیاقت راہیجہ بگٹی وڈیرہ دین محمد مرہٹہ بگٹی ایس ایچ او سٹی نور علی بگٹی پولیس آفیسر میر یوسف خان بگٹی ڈی ایس پی عبدالجبار مگسی سی آئی انچارج بلال بگٹی سمیت فوجی و سول حکام پولیس افسران قبائلی عمائدین سیاسی شخصیات اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی تدفین کے موقع پر فضا انتہائی سوگوار رہی جبکہ رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے اہل خانہ اور عزیز و اقارب غم سے نڈھال دکھائی دیے اور شرکا نے شہید کے بلند درجات اور پسماندگان کے لیے خصوصی دعائیں کیں اس موقع پر بلوچستان پولیس کے چاک و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی جبکہ قومی پرچم میں لپٹے تابوت کو پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ قبرستان پہنچایا گیا شرکا اور مقررین نے کہا کہ شہید مرید بگٹی نے دوران ڈیوٹی اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے فرض شناسی بہادری اور عوامی خدمت کی روشن مثال قائم کی ہے اور ان کی قربانی کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا واضح رہے کہ شہید مرید بگٹی کا خاندان ماضی میں بھی دہشت گردی کے المناک واقعات کا سامنا کرچکا ہے 2010 میں ڈیرہ اللہ یار میں ان کی رہائش گاہ پر ہونے والی فائرنگ کے ایک واقعے میں ان کی دو کمسن بیٹیاں شہید ہوگئی تھیں جس سے خاندان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا تھا یاد رہے کہ ڈی ایس پی مرید بگٹی بارکھان میں فرائض کی انجام دہی کے دوران دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہوئے تھے جن کی شہادت پر ڈیرہ بگٹی سمیت بلوچستان بھر میں گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جارہا ہے۔



