
سوئی (یو این اے)وزیراعلی بلوچستان کے حلقہ انتخاب سوئی میں بڑا سیاسی بریک تھرو سامنے آیا ہے جہاں چیف آف کلپر میر جلال خان کلپر کی زیر قیادت اہم قبائلی جرگہ منعقد ہوا، جس میں علاقے کی محرومیوں، فنڈز کی بندر بانٹ اور پی پی ایل کے رویے کے خلاف سخت موقف اختیار کیا گیا۔ جرگے سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف کلپر میر جلال خان کلپر نے کہا کہ نااہل اور مفاد پرست عناصر نے ڈیرہ بگٹی کو پسماندہ رکھنے اور کرپشن کے تمام ریکارڈ توڑنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ ان کا کہنا تھا کہ پی پی ایل نے علاقے کی فلاح و بہبود کے لیے 60 ارب روپے کے فنڈز جاری کیے مگر افسران کی ملی بھگت سے یہ رقم کہاں خرچ ہوئی، کسی کو معلوم نہیں، لہذا گزشتہ 20 سالوں اور حالیہ دو سالہ حکومتی دور میں سوئی ڈیرہ بگٹی کے نام پر جاری ہونے والے اربوں روپے کے فنڈز کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں۔میر جلال خان کلپر نے کہا کہ پی پی ایل نے سن کوٹہ پر سودے بازی کر کے مقامی لوگوں کا معاشی قتل کیا ہے جس سے کئی خاندان بچوں کی کفالت سے بھی قاصر ہو چکے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کمپنی معاہدے پر عمل کرتے ہوئے مقامی اور ٹیکنیکل تعلیم یافتہ نوجوانوں کو روزگار فراہم کرے، جبکہ نئے اضلاع کی تشکیل سے قبل ڈیرہ بگٹی کی خالی پوسٹوں پر باہر سے کی گئی غیر قانونی تعنیاتیوں کو کالعدم قرار دے کر مقامی الشباب کا حق بحال کیا جائے۔ انہوں نے حکومت اور کمپنی کو تنبیہ کی کہ اگر مطالبات نہ مانے گئے تو قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔ چیف آف کلپر نے مزید کہا کہ خود ساختہ قیادت اور جعلی اقتدار نے بدامنی، خوف اور نوجوانوں پر جھوٹے مقدمات کو فروغ دیا، مگر اب کلپر قبائل مزید کسی کے جھوٹے وعدوں میں نہیں آئیں گے اور حقوق کے غصب پر خاموشی اختیار نہیں کریں گے کیونکہ بلوچستان کا امن صرف حقیقی عوامی نمائندگی ہی سے ممکن ہے۔



