
راولپنڈی/کوئٹہ (یو این اے)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)نے کہا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی جانب سے آپریشن العزم کے تحت انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پوری شدت کے ساتھ جاری ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 23 جولائی 2026 کو ضلع مستونگ کی تحصیل کھڈکوچہ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاعات پر ایک بڑا آپریشن شروع کیا گیا، جس کا مقصد علاقے کو دہشت گرد عناصر سے مکمل طور پر پاک کرنا، ان کے نیٹ ورک کو ختم کرنا اور مقامی آبادی کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا تھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کا محاصرہ کیا، جس کے بعد دونوں جانب سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والی کارروائی میں فورسز نے انتہائی پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کی مزاحمت کو ناکام بنایا اور ان کے مضبوط ٹھکانوں پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا تازہ ترین آپریشنل معلومات کے مطابق اس کارروائی میں 15 دہشت گرد ہلاک، 12 زخمی اور 8 دہشت گرد گرفتار کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ دہشت گردوں کی ایک اہم پناہ گاہ کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا، جہاں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود، دھماکہ خیز مواد، دستی بم، خودکار ہتھیار، مواصلاتی آلات، آئی ای ڈی (Improvised Explosive Device) تیار کرنے کا سامان اور دیگر عسکری سازوسامان برآمد کیا گیاکارروائی کے دوران دہشت گردوں کے زیر استعمال 7 موٹر سائیکلیں بھی قبضے میں لے لی گئیں۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والا اسلحہ اور بارودی مواد اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ دہشت گرد مستقبل میں قانون نافذ کرنے والے اداروں، سیکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، تاہم بروقت کارروائی کے ذریعے ان کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے گئے سیکیورٹی حکام کے مطابق آپریشن کے دوران دشوار گزار پہاڑی علاقوں، ندی نالوں اور ممکنہ فرار کے راستوں کی سخت نگرانی کی گئی، جبکہ دہشت گردوں کے فرار کو روکنے کے لیے مختلف مقامات پر اضافی نفری تعینات کی گئی۔ کارروائی کے بعد پورے علاقے میں سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن مزید وسیع کر دیا گیا ہے تاکہ کوئی بھی روپوش دہشت گرد قانون کی گرفت سے بچ نہ سکے آئی ایس پی آر نے کہا کہ آپریشن العزم کے دوران دہشت گردوں کے متعدد نیٹ ورکس کو شدید نقصان پہنچایا گیا ہے اور ان کی نقل و حرکت محدود ہو گئی ہے۔ سیکیورٹی فورسز انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر بلوچستان کے مختلف علاقوں میں مسلسل کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ دہشت گردی کے خطرے کو جڑ سے ختم کیا جا سکے یو این اے کے مطابق بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان کی مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور دیگر سیکیورٹی ادارے ملک دشمن عناصر، دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف پوری قوت اور عزم کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھیں گے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حاصل ہونے والی کامیابیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ ریاست کسی بھی قیمت پر امن خراب کرنے والے عناصر کو اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دے گی آئی ایس پی آر کے مطابق اس پورے آپریشن میں سیکیورٹی فورسز کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، جو فورسز کی بہترین حکمت عملی، پیشہ ورانہ مہارت اور مثر آپریشنل منصوبہ بندی کا مظہر ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ آپریشن میں حصہ لینے والے تمام جوانوں نے انتہائی جرات، بہادری اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی سیکیورٹی حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان سمیت ملک بھر میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے، ریاست کی رٹ کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ تک آپریشن العزم اور انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف ہر سطح پر کارروائی کی جائے گی تاکہ بلوچستان میں دیرپا امن قائم ہو، عوام کو محفوظ ماحول میسر آئے اور ترقی و خوشحالی کا سفر بلا رکاوٹ جاری رہ سکے۔



