
چمن(یو این اے )جماعت اسلامی بلوچستان کے امیر و رکن بلوچستان اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا ہے کہ چمن بارڈر کی مسلسل بندش نے لاکھوں افراد کا روزگار چھین لیا ہے، جبکہ ایک طرف ازلی دشمن سے تجارت جاری ہے اور دوسری جانب برادر اسلامی ملک افغانستان کے ساتھ باب دوستی بند ہے، حکومت فوری طور پر بارڈر کھولے۔چمن بارڈر کی بندش، بے روزگاری، مہنگائی اور بدامنی کے خلاف جماعت اسلامی چمن کے زیر اہتمام ٹرنچ روڈ پر منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ عوام کو روزگار، امن اور بنیادی حقوق فراہم کرنا حکومت اور سیکیورٹی اداروں کی آئینی ذمہ داری ہے، اگر ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کر سکتے تو ناکامی تسلیم کریں اور ناکام حکمران اقتدار چھوڑ دیں۔انہوں نے کہا کہ باب دوستی کو باب دشمنی بنانے والے عوام کے خیر خواہ نہیں، چمن بارڈر کی بندش سے سرحدی علاقوں کے تاجر اور محنت کش شدید معاشی مشکلات کا شکار ہیں، حکومت کو چاہیے کہ قانونی تجارت اور عوامی آمدورفت کے لیے فوری اقدامات کرے۔مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کے عوام طویل عرصے سے محرومی، بے روزگاری، بدامنی اور بنیادی سہولیات کے فقدان کا سامنا کر رہے ہیں۔ چمن سے کراچی تک قومی شاہراہوں، شہروں، دیہات اور پہاڑی علاقوں کو محفوظ بنایا جائے تاکہ عوام خوف کے ماحول سے نکل سکیں۔انہوں نے مستونگ سمیت بلوچستان بھر میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بے گناہوں کا قتل عام کسی صورت قابل قبول نہیں، امن و امان کی صورتحال بہتر بنانا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔امیر جماعت اسلامی بلوچستان نے کہا کہ صوبے کے سلگتے ہوئے مسائل کے حل کے لیے جماعت اسلامی لاکھوں پشتونوں، بلوچوں اور تمام مظلوم طبقات کی آواز بن کر بلوچستان قومی کانفرنس کا انعقاد کرے گی۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بارڈرز بند، تجارت متاثر، شاہراہیں غیر محفوظ، بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ، روزگار کے مواقع کا فقدان اور انصاف کے مسائل عوام کے لیے شدید مشکلات پیدا کر رہے ہیں، جماعت اسلامی ان مسائل کے حل کے لیے ہر فورم پر جدوجہد جاری رکھے گی۔جلسے سے دیگر جماعتی رہنماں نے بھی خطاب کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ چمن بارڈر فوری طور پر قانونی تجارت اور پیدل آمدورفت کے لیے کھولا جائے، عوام کو روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں، امن و امان بحال کیا جائے اور بلوچستان کے آئینی، معاشی اور انسانی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔



