
کوئٹہ(یو این اے )مستونگ میں دہشت گردوں کی فائرنگ کے واقعے میں شہید ہونے والے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ کی نمازِ جنازہ عقیدت و احترام کے ساتھ ادا کر دی گئی، جس کے بعد انہیں آہوں اور سسکیوں کے درمیان سپردِ خاک کر دیا گیا۔نمازِ جنازہ میں اعلی عدالتی حکام، ججز، وکلا، سرکاری افسران، سیاسی و سماجی شخصیات، قبائلی عمائدین اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر شرکا نے شہید جج عبدالحکیم کاکڑ کی عدالتی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے دہشت گردی کے واقعے کی شدید مذمت کی۔مقررین نے کہا کہ ججز اور عدلیہ کو نشانہ بنانا ریاست اور نظامِ انصاف پر حملے کے مترادف ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مستونگ واقعے میں ملوث عناصر کو فوری گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، جبکہ ججز، وکلا اور عدالتی عملے کی سیکیورٹی کو مزید مثر بنایا جائے۔واضح رہے کہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ مستونگ میں قومی شاہراہ پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں اپنے گن مین سمیت شہید ہوگئے تھے، جبکہ ایڈیشنل سیشن جج طارق لاشاری سمیت دو افراد زخمی ہوئے تھے۔



