
کوئٹہ(یو این اے )بلوچستان اسمبلی کے رکن اور سابق وزیراعلی بلوچستان نواب اسلم رئیسانی نے قلات ڈویژن کے خاتمے اور مستونگ کو کوئٹہ ڈویژن میں شامل کرنے کے حکومتی فیصلے کے خلاف بلوچستان ہائیکورٹ میں آئینی درخواست دائر کر دی ہے، جس میں حکومت بلوچستان کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں مقف اختیار کیا گیا ہے کہ انتظامی تقسیم کے حوالے سے کیے گئے فیصلے میں مقامی عوام، قبائلی عمائدین اور عوامی نمائندوں کو اعتماد میں نہیں لیا گیا، جو آئینی تقاضوں کے منافی ہے۔نواب اسلم رئیسانی کے وکیل ریاض احمد ایڈووکیٹ نے کہا کہ پاکستان میں 1973 کا آئین نافذ ہے، جو شہریوں کو بنیادی حقوق فراہم کرتا ہے۔ حکومت بلوچستان نے مستونگ اور قلات کے عوام کی رائے لیے بغیر نوٹیفکیشن جاری کیا۔انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندوں کو سنا جانا چاہیے تھا، مگر سراوان اور جھالاوان کے عوام کو اعتماد میں لیے بغیر فیصلہ کیا گیا، جو بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔نواب اسلم رئیسانی نے کہا کہ قلات ڈویژن کی حیثیت ختم کرنے سے قلات کی تاریخی اور انتظامی اہمیت متاثر ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کسی بھی ترقیاتی، اراضی یا انتظامی فیصلے میں قبائل کو نظر انداز نہیں کر سکتی۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے مسائل کا حل صرف انتظامی تبدیلیوں سے ممکن نہیں، بلکہ صوبے کے حالات بہتر بنانے کے لیے نئے عمرانی معاہدے کی ضرورت ہے۔ بلوچستان کا مسئلہ انتظامی نہیں بلکہ سیاسی ہے۔نواب اسلم رئیسانی نے کہا کہ وزرائے اعلی کی تبدیلی سے حالات بہتر نہیں ہوں گے بلکہ حکمرانوں کو اپنی پالیسیوں میں تبدیلی لانا ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے 1973 کے آئین کے تحت عدالت سے رجوع کیا ہے اور امید ہے کہ آئینی حقوق کا تحفظ کیا جائے گا۔ انہوں نے بی وائی سی کے رہنماں کی رہائی کا بھی مطالبہ کیا۔



