
مستونگ/قلات (یو این اے )ضلع مستونگ کے علاقے کھڈکوچہ اور قلات کے نواحی علاقے منگچر میں سیکیورٹی فورسز اور مسلح افراد کے درمیان ہونے والی شدید جھڑپوں کے باعث صورتحال انتہائی کشیدہ ہوگئی ہے۔ مسلسل فائرنگ اور سیکیورٹی کارروائیوں کے دوران کوئٹہ سے کراچی جانے والی الیوسف کوچ بھی فائرنگ کی زد میں آگئی، جس کے نتیجے میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق چار مسافر جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے ذرائع کے مطابق جھڑپوں کا سلسلہ کئی گھنٹوں تک جاری رہا، جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ فائرنگ کی آوازیں دور دراز علاقوں تک سنی گئیں جبکہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ اور کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا۔ مسلح افراد کی جانب سے مختلف مقامات پر مزاحمت کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں، جس کے باعث صورتحال مسلسل غیر یقینی بنی ہوئی ہے اطلاعات کے مطابق کوئٹہ-کراچی قومی شاہراہ کو کھڈکوچہ، منگچر اور دیگر حساس مقامات پر ہر قسم کی آمدورفت کے لیے عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ شاہراہ کی بندش کے باعث دونوں اطراف سینکڑوں گاڑیاں، مسافر کوچز، ٹرک اور دیگر ٹرانسپورٹ پھنس کر رہ گئی ہے، جبکہ خواتین، بچوں اور بزرگ مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے عینی شاہدین کے مطابق الیوسف کوچ معمول کے مطابق اپنے سفر پر گامزن تھی کہ اچانک شدید فائرنگ شروع ہوگئی۔ کوچ گولیوں کی زد میں آگئی جس کے نتیجے میں کئی مسافر زخمی ہوئے، جبکہ چار افراد جان کی بازی ہار گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے سیکیورٹی اداروں نے علاقے میں اضافی نفری تعینات کر دی ہے، جبکہ حساس مقامات پر ناکہ بندی سخت کر دی گئی ہے۔ امدادی ٹیموں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے متاثرہ مقام پر پہنچ کر زخمیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے اور شاہراہ کو کلیئر کرنے کی کوششیں شروع کر دی ہیں انتظامیہ نے شہریوں اور مسافروں سے اپیل کی ہے کہ موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر کوئٹہ-کراچی قومی شاہراہ پر غیر ضروری سفر سے مکمل گریز کریں اور کسی بھی سفر سے قبل متعلقہ ضلعی انتظامیہ، پولیس یا نیشنل ہائی وے حکام سے تازہ صورتحال معلوم کریں۔ حکام نے عوام سے افواہوں پر کان نہ دھرنے اور صرف مستند ذرائع سے جاری ہونے والی معلومات پر اعتماد کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔دوسری جانب جھڑپوں کے باعث علاقے میں کاروباری سرگرمیاں بھی شدید متاثر ہوئی ہیں، جبکہ کئی مقامات پر موبائل فون سروس اور آمدورفت میں بھی تعطل کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے کو مکمل طور پر محفوظ بنانے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔



