
کوئٹہ(یو این اے )جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے مسائل کے حوالے سے عوامی مفاد پر مبنی متوازن مزاحمتی موقف صرف جماعت اسلامی کا ہے، جبکہ وحدت، اتفاق اور جمہوری مزاحمت کے ذریعے مسائل کا حل ممکن ہے۔کوئٹہ میں جماعت اسلامی بلوچستان کے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کے مسائل کو قومی سطح پر اجاگر کیا جائے گا اور اسلام آباد، کراچی سمیت ملک کے بڑے شہروں میں بھی جماعت اسلامی کی قیادت ان مسائل کو بھرپور انداز میں اٹھائے گی۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان پر قومی کانفرنس کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں، جس میں بلوچستان کی قیادت کو بھی شریک کیا جائے گا۔ انہوں نے جماعت اسلامی کو اضلاع کی سطح پر مزید فعال اور منظم بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔اجلاس میں جماعت اسلامی بلوچستان کے امیر اور رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ، پارلیمانی سیکریٹری نائب امیر صوبہ انجینئر عبدالمجید بادینی، صوبائی جنرل سیکریٹری مرتضی خان کاکڑ، نائب امرا زاہد اختر بلوچ، مولانا عبدالکبیر شاکر، بشیر احمد ماندائی، مولانا محمد عارف دمڑ، صوبائی ڈپٹی جنرل سیکریٹریز نورالدین غلزئی، پروفیسر سلطان محمد کاکڑ، ناظم بیت اللہ سلطان محمد محنتی، بنو قابل کے ڈائریکٹر طیب فرید خان، امیر ضلع عبدالنعیم رند، صوبائی سیکریٹری اطلاعات عبدالولی خان شاکر، احمد شاہ غازی اور روح اللہ سالار سمیت دیگر رہنماں نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران بلوچستان کے سلگتے ہوئے مسائل، ان کے حل اور جماعتی حکمت عملی پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کی معدنیات کے تحفظ، زمینوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ اور قبضوں کے خلاف ثبوت اکٹھے کرکے قانونی و عدالتی جدوجہد کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور قومی سیاسی جماعتوں کی جانب سے بلوچستان کے مسائل پر عدم توجہی مایوس کن ہے، اس لیے قومی و صوبائی قیادت کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔اس موقع پر صوبائی امیر مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کے وسائل اور معدنیات یہاں کے عوام کے لیے خوشحالی کے بجائے پریشانی کا باعث بنے ہوئے ہیں، حالانکہ دنیا بھر میں معدنی وسائل رکھنے والے علاقے ترقی اور خوشحالی کی مثال ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن کے قیام کے لیے یکجہتی بلوچستان مہم شروع کرنے کی ضرورت ہے، جس کے تحت صوبے بھر میں امن کاروان چلائے جائیں گے اور عوام، خواتین اور بچوں کو منظم کرکے امن کے قیام کے لیے کردار ادا کیا جائے گا۔



