
لاہور (یو این اے) لاہور ٹریفک پولیس نے ون ویلنگ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر ون ویلنگ کی ویڈیوز اپ لوڈ کرنے والے معروف سوشل میڈیا اسٹار اے بی بٹ کو ون ویلنگ کرتے ہوئے گرفتار کر لیا۔ٹریفک پولیس کے مطابق ملزم کو ڈیفنس بلیوارڈ سے گرفتار کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اے بی بٹ نے اپنے انسٹاگرام اکانٹ پر ون ویلنگ اور ہلڑ بازی کی سیکڑوں ویڈیوز اپ لوڈ کر رکھی تھیں، جن کا ریکارڈ اور دیگر متعلقہ ڈیٹا بھی پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔سی ٹی او لاہور نے کہا کہ شہر میں ون ویلنگ، تیز رفتاری اور اوور اسپیڈنگ کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور شہریوں کی جان و مال کو خطرے میں ڈالنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔



