
کوئٹہ(یو این اے )نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما، سابق سینیٹر اور دانشور میر طاہر بزنجو نے کہا ہے کہ صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی سیاسی ترجیحات مکمل طور پر تبدیل ہو چکی ہیں اور اب ان دونوں جماعتوں کے لیے اقتدار ہی سب سے اہم حیثیت اختیار کر گیا ہے۔اپنے بیان میں میر طاہر بزنجو نے کہا کہ اقتدار حاصل ہونے کے بعد جمہوریت، قانون کی حکمرانی، آئین و پارلیمان کی بالادستی، میثاقِ جمہوریت، اٹھارویں آئینی ترمیم اور صوبائی حقوق جیسے اہم قومی معاملات پس منظر میں چلے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے رہنما اس حقیقت کو تسلیم کریں یا نہ کریں، ان کے بقول ملک اس وقت ان دونوں جماعتوں کی سیاسی حمایت اور تعاون کے باعث “بدترین آمریت اور فاشزم” کی جانب بڑھ رہا ہے۔بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے حوالے سے میر طاہر بزنجو نے کہا کہ یہ وقت ہی بتائے گا کہ وہ اپنی سیاسی غلطیوں کی اصلاح کرتے ہیں یا نہیں، تاہم اس وقت وہ جیل میں سخت حالات کا سامنا کر رہے ہیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملک کو سیاسی استحکام، جمہوری اقدار اور آئین کی بالادستی کی ضرورت ہے تاکہ قومی مسائل کا پائیدار حل ممکن بنایا جا سکے۔



