
کوئٹہ(یو این اے )پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف مشترکہ آپریشن “شعبان” بدستور جاری ہے، جبکہ تازہ کارروائیوں میں مزید تین دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے ہیں۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق حالیہ کامیاب کارروائیوں کے بعد آپریشن “شعبان” میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 105ہو گئی ہے، جبکہ 5 جولائی سے اب تک آپریشن شعبان اور دیگر انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں میں مجموعی طور پر 105 دہشت گرد مارے جا چکے ہیں۔وزیر اعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے آپریشن شعبان میں کامیاب کارروائیوں پر پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کے افسران و جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی اداروں کی مشترکہ کارروائیاں قومی سلامتی کے تحفظ کے غیر متزلزل عزم کی عکاس ہیں۔ انہوں نے افسران اور جوانوں کی بہادری، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قربانیوں کو سراہا۔سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گرد عناصر کے لیے پاکستان کی سرزمین پر کوئی جگہ نہیں ہے اور حکومت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پوری قوم اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔



