
زیارت:(یو این اے ) بلوچستان کے ضلع زیارت میں دہشت گردی کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر محکمہ انسداد دہشت گردی(سی ٹی ڈی) نے سیکیورٹی اداروں کو ہائی الرٹ کرتے ہوئے تھریٹ الرٹ نمبر 8879 جاری کر دیا ہے۔ مراسلے میں انٹیلی جنس ذرائع سے موصول ہونے والی اطلاعات کی بنیاد پر متعلقہ اداروں کو فوری حفاظتی اقدامات مزید مثر بنانے، حساس مقامات کی نگرانی بڑھانے اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی پر فوری کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے سی ٹی ڈی زیارت کی جانب سے 10 جولائی 2026 کو جاری کیے گئے مراسلے کے مطابق حالیہ انٹیلی جنس اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ ضلع زیارت کے مختلف پہاڑی علاقوں میں مشتبہ افراد کی غیر معمولی نقل و حرکت دیکھی گئی ہے۔ مراسلے میں خاص طور پر زرزری، خصنوب، ملیکات، خلیفت پہاڑی سلسلوں، ہرنائی بارڈر اور ڈومیارہ کے دشوار گزار علاقوں کا ذکر کیا گیا ہے، جہاں نامعلوم افراد کی موجودگی اور سرگرمیوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں یو این اے کو موصول مراسلے میں کہا گیا ہے کہ انٹیلی جنس معلومات کے مطابق ایک بلند پہاڑی چوٹی پر خیمہ بھی نصب کیا گیا ہے، جس سے یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مشتبہ عناصر مسلسل اس مقام پر موجود رہ کر اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق یہ افراد علاقے کے مختلف راستوں، داخلی و خارجی گزرگاہوں، سیکیورٹی چیک پوسٹس اور دیگر حساس تنصیبات کی نگرانی کر رہے ہیں۔



