
کوئٹہ(یو این اے )بلوچستان سے ملک کے دیگر شہروں کے لیے ٹرین سروس آج دوسرے روز بھی معطل رہے گی، جس کے باعث کوئٹہ سے کوئی بھی ٹرین روانہ نہیں ہوگی۔ پاکستان ریلویز کے مطابق ریلوے ٹریک پر جاری مرمتی کام کے باعث ٹرینوں کی آمد و رفت عارضی طور پر معطل رکھی گئی ہے۔ریلوے حکام نے بتایا کہ پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس کی آج روانگی منسوخ کر دی گئی ہے، جبکہ پشاور سے کوئٹہ آنے والی جعفر ایکسپریس کو صرف جیکب آباد تک چلایا جائے گا۔پاکستان ریلویز کے مطابق ٹرین سروس کی معطلی سے متاثر ہونے والے تمام مسافروں کو ٹکٹ کی مکمل رقم واپس کی جائے گی، جبکہ مرمتی کام مکمل ہونے کے بعد ٹرین سروس بحال کرنے کا اعلان کیا جائے گا۔



