
کوئٹہ(یو این اے )بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اور سابق رکن قومی اسمبلی سردار اختر مینگل نے بطور رکن قومی اسمبلی ملنے والی تمام تنخواہیں اور مراعات سرکاری خزانے میں واپس کرنے کا اعلان کرتے ہوئے 78 لاکھ 92 ہزار 725 روپے کا چیک قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے حوالے کر دیا ہے۔ اس حوالے سے انہوں نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو باضابطہ خط بھی ارسال کر دیا۔اپنے خط میں سردار اختر مینگل نے کہا کہ وہ 3 ستمبر 2024 سے 11 فروری 2026 تک کی مدت کے دوران بطور رکن قومی اسمبلی ملنے والی تمام تنخواہیں اور مراعات واپس کر رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ مجموعی طور پر 78 لاکھ 92 ہزار 725 روپے کی رقم قومی خزانے میں جمع کرا رہے ہیں۔سردار اختر مینگل نے اپنے بیان میں کہا کہ ستمبر 2024 میں استعفی دینے کے بعد سے انہوں نے اپنے پارلیمانی بینک اکانٹ سے کوئی تنخواہ یا الانس وصول یا استعمال نہیں کیا۔ انہوں نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے درخواست کی کہ ان کے پارلیمانی بینک اکانٹ میں موجود تمام رقم سرکاری خزانے میں منتقل کر دی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ عوامی خدمت میں دیانت داری، شفافیت اور احتساب کے اصولوں پر کاربند رہنے کے لیے پرعزم ہیں اور اسی جذبے کے تحت یہ رقم واپس کر رہے ہیں۔واضح رہے کہ سردار اختر مینگل نے 3 ستمبر 2024 کو بلوچستان کے مسائل پر پارلیمنٹ کے رویے کے خلاف احتجاجا قومی اسمبلی کے حلقہ این اے-256 خضدار سے استعفی دیا تھا، جسے اسپیکر قومی اسمبلی نے 11 فروری 2026 کو باضابطہ طور پر منظور کیا تھا۔



