بلوچستانتازہ ترینپاکستان

سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں 4 روز میں 54 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا

وطن عزیز کا دفاع کرتے 42 شہادتیں ہوئیں، ڈی جی آئی ایس پی آر

سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں 4 روز میں 54 دہشتگردوں کو جہنم واصل
سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں 4 روز میں 54 دہشتگردوں کو جہنم واصل

راولپنڈی/کوئٹہ (یو این اے) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ گزشتہ چار روز کے دوران بلوچستان میں دہشتگردی کے تین بڑے واقعات پیش آئے، جن کے خلاف سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ کارروائیوں میں مجموعی طور پر 54 دہشتگرد ہلاک کیے گئے، جبکہ وطن کے دفاع کے دوران 42 اہلکاروں اور شہریوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔

بلوچستان کی سکیورٹی صورتحال پر پریس بریفنگ دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ دہشتگردوں نے اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کے لیے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا، تاہم بلوچستان کے عوام، پولیس اور سکیورٹی فورسز نے بھرپور جرات اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان کے منصوبے ناکام بنا دیے۔

انہوں نے بتایا کہ پہلا واقعہ ہنہ اوڑک میں پیش آیا جہاں دہشتگردوں نے مقامی آبادی پر حملہ کیا۔ مقامی عوام نے بہادری سے مزاحمت کرتے ہوئے دہشتگردوں کو علاقے سے نکال باہر کیا۔ اس حملے میں 4 شہری شہید جبکہ 6 افراد زخمی ہوئے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق دوسرا واقعہ 6 جولائی کو مانگی ڈیم کے قریب پولیس چیک پوسٹ پر پیش آیا، جہاں دہشتگردوں نے حملہ کیا۔ پولیس اہلکاروں نے بھرپور مزاحمت کرتے ہوئے 15 دہشتگردوں کو ہلاک کیا، تاہم اس دوران 9 پولیس اہلکار شہید ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے پہنچنے سے قبل دہشتگرد بعض پولیس اہلکاروں کو یرغمال بنا کر لے گئے تھے۔ بعد ازاں زیارت کے پہاڑی علاقوں میں جاری آپریشن کے دوران دہشتگردوں نے 18 یرغمال پولیس اہلکاروں کو شہید کر دیا۔ اس کارروائی میں مزید 11 دہشتگرد ہلاک کیے گئے، جبکہ مجموعی طور پر اس واقعے میں 26 دہشتگرد مارے گئے اور 27 پولیس اہلکار شہید ہوئے۔

انہوں نے بتایا کہ تیسرا بڑا واقعہ بیلہ کے قریب پیش آیا جہاں فوجی قافلے اور دہشتگردوں کے درمیان شدید جھڑپ ہوئی۔ اس کارروائی میں 14 دہشتگرد ہلاک ہوئے جبکہ پاک فوج کے ایک جونیئر کمیشنڈ آفیسر (جے سی او) اور 10 جوان شہید ہوئے۔ اسی سلسلے میں خاران میں کیے گئے آپریشن میں 6 جبکہ دالبندین میں 8 دہشتگرد مارے گئے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی اور پاکستان کی سلامتی، عوام کے جان و مال اور قومی شاہراہوں کے تحفظ کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ پاکستان میں دہشتگردی کے واقعات کے پیچھے بھارت اور وہ عناصر ہیں جو پاکستان کے امن، ترقی اور استحکام کے مخالف ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان میں دہشتگردی کے لیے استعمال ہو رہی ہے اور حالیہ کارروائیوں میں مارے جانے والے متعدد دہشتگرد افغان شہری تھے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ریاست واضح کر چکی ہے کہ “فتنہ الہندوستان” اور “فتنہ الخوارج” کا بلوچستان یا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان دہشتگردوں اور ان کے تمام سہولت کاروں کا ہر جگہ تعاقب کرے گا اور بلوچستان سمیت ملک بھر میں امن کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ “پاکستان اور بلوچستان ہمیشہ قائم رہیں گے، دہشتگردوں کو ہر محاذ پر شکست دی جائے گی، اور عوام، سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے متحد ہو کر دہشتگردی کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔”

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button