بلوچستانتازہ ترینپاکستان

بلوچستان بارود کے ڈھیر پر کھڑا ہے

عوام اور اہلکار مسلسل دہشت گردی کا شکار ہیں، مولانا ہدایت الرحمن بلوچ

بلوچستان بارود کے ڈھیر پر کھڑا ہے
بلوچستان بارود کے ڈھیر پر کھڑا ہے

گوادر (یو این اے )امیر جماعت اسلامی بلوچستان و رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان اس وقت بارود کے ڈھیر پر کھڑا ہے، جہاں نہتے اور بے گناہ عوام مسلسل دہشت گردی کا شکار ہیں، جبکہ عوام کو تحفظ فراہم کرنے والے ادارے اپنی ذمہ داریاں مثر انداز میں ادا کرنے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں۔گوادر میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پولیس اور لیویز کے اہلکار بھی اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرتے کرتے تھک چکے ہیں۔ انہوں نے وفاقی حکومت اور سیکیورٹی اداروں پر زور دیا کہ اخلاص اور سنجیدگی کے ساتھ بلوچستان میں امن و امان کے قیام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے، بصورت دیگر اگر ہنہ اوڑک اور زیارت جیسے واقعات کی بروقت روک تھام نہ کی گئی تو حالات مزید سنگین اور قابو سے باہر ہو سکتے ہیں۔مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ پورا بلوچستان دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے اور ہنہ اوڑک و زیارت ایک مرتبہ پھر خونریز واقعات کی زد میں ہیں۔ ان کے بقول روزانہ بے گناہ نوجوانوں کا خون بہایا جا رہا ہے، مائیں اپنے بیٹوں سے محروم، خواتین بیوہ اور بچے یتیم ہو رہے ہیں، مگر عوام کے تحفظ کے لیے مثر اقدامات نظر نہیں آ رہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی وفاقی حکومت، ریاستی اداروں اور سیکیورٹی فورسز کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ بلوچستان کے عوام کے جان و مال کا ہر قیمت پر تحفظ یقینی بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امن و امان کے قیام میں مسلسل ناکامی ریاستی ذمہ داری پر سنگین سوالیہ نشان ہے اور صرف مذمتی بیانات یا رسمی اعلانات سے مسائل حل نہیں ہوں گے، بلکہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف قانون کے مطابق فوری، فیصلہ کن اور مثر کارروائی ناگزیر ہو چکی ہے۔امیر جماعت اسلامی بلوچستان نے کہا کہ صوبے کے عوام مزید لاشیں اٹھانے کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ جماعت اسلامی بلوچستان میں امن، عدل، انصاف، آئین کی بالادستی اور ریاستی عملداری کے قیام کا مطالبہ کرتی ہے۔ انہوں نے تمام سیاسی، جمہوری اور سماجی قوتوں پر زور دیا کہ وہ موجودہ نازک صورتحال میں اپنی ذمہ داریاں ادا کریں، کیونکہ خاموشی قومی مفاد کے خلاف ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جماعت اسلامی بلوچستان میں امن، عوام کے تحفظ، خوشحالی، ترقی اور بنیادی حقوق کے حصول کے لیے اپنی جدوجہد ہر سطح پر جاری رکھے گی۔

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button