بلوچستان

صوبوں کو آئینی حقوق کے بغیر مستحکم پاکستان خواب ہے، پروفیسر حلیم صادق

اگر آئین پر عمل نہ ہوا تو نئے سوشل کنٹریکٹ کا مطالبہ مزید مضبوط ہوگا، عوام پاکستان پارٹی

صوبوں کو آئینی حقوق کے بغیر مستحکم پاکستان خواب ہے، پروفیسر حلیم صادق
صوبوں کو آئینی حقوق کے بغیر مستحکم پاکستان خواب ہے، پروفیسر حلیم صادق

کوئٹہ(یو این اے) عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے کہا ہے کہ صوبوں کو ان کے آئینی، سیاسی، معاشی اور انتظامی حقوق دیے بغیر ایک مستحکم، مضبوط اور خوشحال پاکستان کا خواب کبھی شرمند تعبیر نہیں ہوسکتا۔ 1973 کا آئین محکوم اور پسماندہ قومیتوں کے لیے امید کی ایک روشن کرن تھا، مگر افسوس کہ اس کی حقیقی روح کے مطابق عملدرآمد نہ ہونے کے باعث وفاق اور صوبوں کے درمیان اعتماد کا فقدان پیدا ہوا۔ 5 جولائی کی مناسبت سے جاری اپنے بیان میں پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے کہا کہ 5 جولائی 1977 پاکستان کی آئینی اور جمہوری تاریخ کا ایک المناک باب ہے، جب جنرل ضیا الحق نے منتخب حکومت کا تختہ الٹ کر 1973 کے آئین کو معطل کیا اور ملک میں مارشل لا نافذ کردیا۔ اس اقدام نے جمہوری ارتقا، آئینی بالادستی اور وفاقی نظام کو شدید نقصان پہنچایا، جس کے اثرات آج بھی ملکی سیاست اور ریاستی ڈھانچے پر نمایاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 1973 کا آئین تمام اکائیوں کے درمیان اعتماد، مساوات اور وفاقی ہم آہنگی کی بنیاد تھا، جبکہ 18ویں آئینی ترمیم نے صوبائی خودمختاری کو مزید مضبوط بنایا۔ تاہم بدقسمتی سے اس ترمیم پر مکمل اور دیانتدارانہ عملدرآمد نہیں کیا گیا، جس کی وجہ سے خصوصا بلوچستان سمیت چھوٹے صوبے آج بھی اپنے آئینی، مالی اور انتظامی حقوق سے محروم ہیں۔پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے کہا کہ اگر 1973 کے آئین پر اس کی اصل روح کے مطابق عمل کیا جاتا اور 18ویں ترمیم کے تمام تقاضے پورے کیے جاتے تو آج بلوچستان میں احساسِ محرومی، بداعتمادی اور ترقیاتی پسماندگی کی موجودہ صورتحال پیدا نہ ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ وسائل پر صوبوں کا آئینی حق، مقامی آبادی کی شراکت، روزگار، تعلیم، صحت اور ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام پاکستان پارٹی آئین کی بالادستی، حقیقی وفاق، جمہوریت، پارلیمانی نظام اور صوبائی خودمختاری پر کامل یقین رکھتی ہے۔ اگر آئین اور 18ویں ترمیم پر مسلسل عملدرآمد سے گریز کیا گیا تو نئے سوشل کنٹریکٹ کا مطالبہ مزید شدت اختیار کرے گا، کیونکہ ریاست اور عوام کے درمیان اعتماد صرف آئین، انصاف اور مساوی حقوق کی بنیاد پر ہی قائم رہ سکتا ہے۔انہوں نے وفاقی حکومت، پارلیمنٹ اور تمام ریاستی اداروں سے مطالبہ کیا کہ 1973 کے آئین کی مکمل بحالی، 18ویں آئینی ترمیم پر من و عن عملدرآمد، صوبوں کے آئینی اختیارات کے تحفظ اور بلوچستان سمیت تمام محروم علاقوں کے عوام کو ان کے جائز حقوق کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ ملک میں پائیدار جمہوریت، قومی یکجہتی اور حقیقی استحکام کی راہ ہموار ہوسکے۔

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button