
اسلام آباد ،کوئٹہ(یو این اے )قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف وتحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ اور پشتونخواملی عوامی پارٹی کے چیئر مین محمود خان اچکزئی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم یہاں کون سا جا کے کشمیر کو فتح کرنا ہے؟ آپ سے بات بگڑ گئی ہے۔ کشمیری جیسے پر امن لوگ جن کا تعلق نہیں تھا بندوق سے، ان کی ایک کمیٹی بنی ہے۔ اس کمیٹی کے کہنے پہ ہزاروں لوگ احتجاج کے لیے نکلے۔ کل جو عید گاہ کا فوٹو آیا تھا، ہزاروں لوگ تھے۔ جب آپ لوگوں کو نہیں چھوڑیں گے جانے کے لیے آپ کی تو بات یہاں سے ہو گئی ہے آپ بات نہیں کر سکتے۔ کیا اور بھی لوگوں کو مارنا ہے؟۔محمودخان اچکزئی نے کہا کہ کشمیر کے لوگ مختلف شکلوں میں، ان کی ہیومن رائٹس کی تنظیمیں، ان کی کمیٹی کے ترجمان، وہ لوگ جو کشمیر کے حالات سے غمزدہ بھی ہیں اور مشکل میں ہیں وہ ہمارے پاس آئے۔ انہوں نے ہمیں کہا کہ مہربانی کریں، ہماری اور حکومتِ وقت کے درمیان بات ٹھن گئی ہے۔ 14 انسان اس زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، ہمارے درمیان بات بننے کا امکان مشکل نظر آ رہا ہے۔آپ جیسے لوگ جن تک وہ آئے ہماری بات سنیں۔ اگر ہماری بات میں کوئی غلط تھی، کوئی غلط قسم کا ڈیمانڈ تھا، آپ کے کہنے پہ ہم اس سے پیچھے ہٹ جائیں گے۔ علامہ ساجد صاحب کے پاس بھی گئے تھے، ہمارے پاس بھی آئے تھے، مختلف لوگوں کے پاس گئے تھے۔ کل جماعت اسلامی کے امیر صاحب آئے تھے، ان کی بھی یہی خواہش تھی کہ کسی طریقے سے ہمیں درمیان میں پڑ جانا چاہیے۔محمودخا ن اچکزئی نے کہا کہ کشمیر اس کی بین الاقوامی حیثیت ایسی ہے کہ ہماری وہاں بعض ممالک سے سرحدیں ملتی ہیں۔ ان میں سے بعض سے ہمارے تعلقات ٹھیک ہیں، بعض سے ٹھیک نہیں ہیں۔ پتہ نہیں کیوں اپنی بات کو خود آپ بگاڑ رہے ہیں۔ ہم جانا چاہتے ہیں، ہم ان سے ملنا چاہتے ہیں، آپ سے بھی ملیں گے، ان کی بات بھی سنیں گے۔ کم از کم ہم یہ گارنٹی آپ کو دیتے ہیں کہ ہم نے اس آگ میں تیل نہیں ڈالنا۔ہم اس پہ پانی ڈالنا چاہتے ہیں۔ کھوکھر صاحب یہاں کے رہنے والے ہیں، خاقان صاحب مری کے ہیں، مری اور کشمیر ہمسائے ہیں، ہمارے سابق وزیراعظم ہیں۔ علامہ صاحب یہاں کے رہنے والے ہیں پنڈی کے، ان کا تعلق ہے۔ پتہ نہیں کس دانشور افسر صاحب نے (پتہ نہیں دانشور ہے یا غیر دانشور) راستہ بلاک کر دیا۔ پھر ہم نے کیا کرنا تھا؟ خدانخواستہ وہ دن نہ آئے کہ پھر آپ لوگوں کو کہیں گے کہ آئیں ہماری صلح کرائیں اور کوئی آپ کے ساتھ جانے کے لیے تیار نہ ہو۔کیوں بات کو بگاڑ رہے ہو؟ یا کابینہ سے بات کریں یا ہماری بات کروا دیں۔ کیا خطرہ ہے؟ خاقان بھائی کیا کریں گے وہاں؟ علامہ صاحب کیا کریں گے؟ جو خطرات ہیں، ان کی ہم آپ کو ضمانت دیتے ہیں کہ ہم نہ اس پہ تیل ڈالیں گے، ہم جا کے ان کی بات سنیں گے۔ البتہ اگر ان کی بات صحیح ہوئی، پھر ہم نے تو ان کی صحیح باتوں کی حمایت کرنی ہوگی۔



