
نوکنڈی(یو این اے )ایف سی بلوچستان ساوتھ تفتان رائفلز نوکنڈی نے مختلف مقامات پر قائم ناکہ بندیوں کے دوران بروقت اور مثر کارروائی کرتے ہوئے مبینہ انسانی اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنا دی۔ کارروائی کے دوران 140 غیر قانونی افغان باشندوں کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی گاڑیوں کو بھی تحویل میں لے لیا گیا۔ حکام کے مطابق گرفتار افراد اور ضبط شدہ گاڑیوں کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ انسانی اسمگلنگ ایک سنگین جرم ہے، جس کی روک تھام کے لیے سیکیورٹی ادارے ہر وقت متحرک ہیں۔ بلوچستان کے سرحدی علاقوں میں غیر قانونی آمدورفت، انسانی اسمگلنگ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں مسلسل جاری ہیں۔ ایف سی بلوچستان ساوتھ اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ ملکی سرحدوں کے تحفظ، قانون کی بالادستی، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور غیر قانونی سرگرمیوں کے مکمل خاتمے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر مثر اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔



